زیریں سندھ جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا مختلف تنظیموں کی ریلیاں

مریضوں اور قیدیوں میں پھل اور مٹھائی تقسیم ، شاہ پو ر چاکر اورکھپرو میں کوئی سرکاری تقریب نہ ہوئی

جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں اسکول کی بچیاں قومی نغمے پیش کررہی ہیں۔ فوٹو : شاہد علی/ ایکسپریس

زیریں سندھ میں بھی یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ نواب شاہ میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی، ڈی سی مزمل ہالیپوٹو نے پرچم کشائی کی۔

تقریب میں مختلف اسکول کے طلبہ و طالبات نے ٹیبلوز پیش کیے اور تقاریر کیں۔ ٹنڈو محمد خان میں ڈپٹی کمشنر آصف علی میمن نے ڈسٹرکٹ سیکریٹریٹ میں پرچم کشائی کی اور قیدیوں میں پھل اور مٹھائی تقسیم کی۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب کی تقریب میں رکن سندھ اسمبلی سید اعجاز شاہ بخاری نے خصوصی شرکت کی۔ بدین میں ڈی سی او آفس میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد رفیق قریشی نے پرچم کشائی کی۔ اہلسنت و الجماعتنے قطر مسجد سے استحکام پاکستان ریلی نکالی۔ مٹھی میں پی پی ایم پی اے ڈاکٹر مہیش ملانی نے ڈی سی تھرپارکر محمد بچل کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ ٹنڈوالہیار میں ڈپٹی کمشنر آغا عبدالرحیم پٹھان نے ڈی سی سیکریٹریٹ میں پرچم کشائی کی۔ پولیس کے چا ق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ایس ایس پی کرم اﷲ سومرو و دیگر ضلعی افسران کے ہمراہ مریضوں اور قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی۔ جشن آزادی کے موقع پر ٹنڈوالہیار کے مختلف چوراہوں، سرکاری و نجی عمارات کو سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سمیت برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ نوجوان دن بھر موٹر سائیکلوں کو سجائے قومی ترانوں کی دھنوں پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام زونل آفس سمیت تمام یونٹوں پر پرچم کشائی کی گئی۔ ضلع عمرکوٹ میں بھی یوم آزادی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ صوبائی وزیر برائے بہبود آبادی سید علی مردان شاہ نے پرچم کشائی کی۔ پولیس کے خصوصی دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں اتحاد، یکجہتی، امن، محبت اور اخوت کا درس دیتا ہے۔ تقریب سے ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمن میمن و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزیر اور ضلعی افسراننے مریضوں اور قیدیوںمیں مٹھائی تقسیم کی۔ سانگھڑ میں پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں ڈپٹی کمشنر سکندر علی خشک اور ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ علی نے پرچم کشائی کی، تاہم سرکاری تقریب میں ضلع سے کسی بھی منتخب نمائندے نے شرکت نہیں کی۔ سنجھورو میں جشن آزادی کے موقع پر میونسپل کمیٹی میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر نے پرچم کشائی کی۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے متحدہ چوک سانگھڑ روڈ پر پرچم کشائی اور ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔




تقریب اور ریلی میں متحدہ کے ذمہ داروں اور کارکنان کے ساتھ عوام نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کھڈرو میں انجمن طلبہ اسلام نے جشن آزادی ریلی نکالی۔ ضلع سانگھڑ کی دیگر تحصیلوں کھپرو اور شاہ پور چاکر میں سرکاری سطح پر جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا، ٹاؤن کمیٹی اور اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر کو تالے پڑے رہے جس پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ ضلع جامشورو میں کے مختف شہروں میں بھی جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوٹری میں منعقد ہوئی۔ جس میں ڈپٹی کمشنر جامشورو ساجد جمال ابڑو نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں ضلعی افسران، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور مختلف مکاتب فکر سے وابستہ مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مختلف اسکولوں کے بچوں نے ملی نغمے پیش کیے، جبکہ مقامی فنکاروں خادم سخیرانی، قادر بخش مٹھو اور دیگرنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں کالج کے احاطے میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے لگائے۔

ضلع مٹیاری میں جشن آزادی کے دن کی اہم تقریبات ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر فیاض حسین عباسی نے قومی پرچم لہرایا اور پولیس کے دستے نے سلامی اور مارچ پاسٹ کیا ۔ یوم آزادی کی اس پر وقار تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا اور نعت رسولؐ پیش کی گئی ۔ اسکول کے بچوںنے یوم آزادی کی مناسبت سے تقاریر کیں جن میں تحریک پاکستان کے جذبے کو اجاگر کیا گیا اور پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ اقبال کے تاریخی کردار اور جدوجہد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم اور اساتذہ کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ قوم کی نوجوان نسل کو جدید تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ نہ صرف اندرون ملک بلکہ عالمی چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے تقریب کے دوران بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں نقد انعامات و تعریفی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے۔ ڈی سی نے سلامی دینے والے دستے کو نقد انعام و تعریفی سرٹیفکیٹ دیے اور دیگر تنظیموں کے کارکنان میں بھی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ میرپورخاص، ڈگری، جھڈو، نوکوٹ، ٹنڈو جام، ٹنڈو حیدر، پنگریو، ٹنڈو باگو، ٹنڈو غلام علی، تلہار، کھوسکی، سیہون، تھانہ بولا خان، ٹنڈو آدم، جام نواز علی، دوڑ، قاضی احمد، جام صاحب، سکرنڈ، بھٹ شاہ، ٹھٹھہ، دھابیجی، سجاول، میرپور بٹھورو، جاتی، میرپور ساکرو، کنری، سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی جشن آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔
Load Next Story