روپے کی قدر میں مزید کمی کا کوئی امکان نہیں وزیر خزانہ

پہلے روپے کی قدر کو مصنوعی طور پر اونچا رکھا گیا تھا مگر اب مارکیٹ سے ہم آہنگ ہے، اسد عمر

معاشی بہتری کے لیےعملی اقدامات کی ضرورت ہے اور ہم نے مشکل فیصلے کیے ہیں، اسد عمر۔ فوٹو : فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کا مزید کوئی امکان نہیں لہذا ڈالر خرید کر اپنا پیسہ برباد نہ کریں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہماری کیپیٹل مارکیٹ میں اس طرز سے سرمایہ کاری نہیں ہورہی، پاکستان 300 سے 350 ارب کی معیشت ہے اور دنیا کی معیشت کھربوں روپے کی ہے تاہم ہمیں عالمی مارکیٹ کا حصہ بننا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کیپلائزیشن بڑھائے بغیر روزگار کے نئے مواقع نہیں مل سکتے جب کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ بچتوں کے فروغ میں اپنی صلاحیت سے کم نتائج دے رہی ہے۔


وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ معیشت کی مشکلات کا اندازہ ہے اور معاشی بہتری کے لیےعملی اقدامات کی ضرورت ہے، ہم نے مشکل فیصلے کیے ہیں تاہم اب ہمیں سرکاری سوچ سے نکلنا ہے اور اپنے قوانین کو جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا افواہیں نہ پھیلائی جائیں، لوگ ڈالر خرید کر پیسہ برباد کررہے ہیں، پہلے روپے کی قدر کو مصنوعی طور پر اونچا رکھا گیا تھا مگر اب روپے کی قدر مارکیٹ سے ہم آہنگ ہے اور اب روپے کی قدر میں مزید کمی کا امکان نہیں۔
Load Next Story