عمران نیازی کو چور اور ڈاکو ڈھونڈنے ہیں تو اپنی کابینہ میں تلاش کریں حمزہ شہباز

آج نیب نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، حمزہ شہباز


ویب ڈیسک April 05, 2019
آج نیب نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، حمزہ شہباز۔ فوٹو : فائل

رہنما مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کو چور اور ڈاکو ڈھونڈنے ہیں تو اپنی کابینہ میں تلاش کریں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج نیب نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا، کیا ہم دہشت گرد ہیں، حمزہ شہباز ایک پاکستانی ہے، جب بھی بلایا گیا میں نیب میں پیش ہوا اور جو گفتگو دوران تفتیش کی جاتی ہے میں نہیں بتانا چاہتا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ میری بیٹی جب زندگی اور موت کی کشمکش میں تھی عمران خان نے اس پر بھی سیاست کی، عدالت نے جتنے دن باہر جانے کی اجازت دی اس سے ایک دن پہلے پاکستان میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کیا قیامت ٹوٹ گئی جو گھر پر دھاوا بولا گیا، آج عدالت کے فیصلے کی دھجیاں اڑائی گئیں اور نیب نے شرمناک حرکت کی ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے جج نے کہا کہ نیب سیاست زدہ ہوچکی ہے، نیب کی کارروائیوں سے بریگیڈیئر اسد منیر نے خودکشی کی، نیب ہتھکڑیاں لگا کر لوگوں کی عزت سے کھیلتی ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ آج کے واقعے کے بعد بھی اخلاق کے دائرے میں رہوں گا، میں اخلاقیات کے دائرے سے نیچے نہیں آؤں گا، 10 سال تک نیب کے دفتر کے باہر6،6 گھنٹے بیٹھتا تھا تاہم نیازی صاحب آپ ایک دن جیل نہیں کاٹ سکتے، ہمیں نہ ڈراؤ ہم صرف اللہ سے ڈرنے والے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نیازی صاحب سیاست کریں، ایڈونچر نہ کریں، عمران نیازی کو چور اور ڈاکو ڈھونڈنے ہیں تو اپنی کابینہ میں تلاش کریں، آج عمران خان کا حسد اور بغض سے بھرا ہوا چہرا ایک بار پھر سب کے سامنے آگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔