’’جوانی پھر نہیں آنی 2‘‘ پاکستانی سینما کی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم

فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ اب تک 70 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے


ویب ڈیسک April 05, 2019
فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ اب تک 70 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے، فوٹوفائل

ہمایوں سعید اورفہد مصطفیٰ کی کامیاب ترین فلم''جوانی پھر نہیں آنی2'' نے پاکستانی سینما کی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل کرلیا۔

نامور پاکستانی اداکار ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، احمد علی بٹ، ماورا حسین اور ثروت گیلانی جیسی بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم''جوانی پھر نہیں آنی2'' نے ریلیز کے پہلے روز سے ہی شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔ فلم نےگزشتہ برس پاکستان میں 51 کروڑ اور بیرون ملک 17 کروڑ کماکر مجموعی طور پر 68 کروڑ کا کھڑکی توڑ بزنس کیاتھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ''جوانی پھر نہیں آنی 2'' 2018 کی کامیاب ترین فلم بن گئی

پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کے بعد تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل فلم ''جوانی پھر نہیں آنی2'' کو مقامی سینماؤں میں دوبارہ ریلیز کیاگیا اورشائقین نے ایک بار پھر رومینٹک اورمزاح سے بھرپور فلم دیکھنے کے لیے سینما کا رخ کیا۔ دوبارہ ریلیز کے بعد فلم مجموعی طور پر 70 کروڑکا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ فلم کے مرکزی اداکار ہمایوں سعید نے سوشل میڈیا پر فلم کا اب تک کا بزنس شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔



واضح رہے کہ 2015 میں ریلیز ہوئی فلم''جوانی پھر نہیں آنی'' اور 2017 میں ریلیز ہوئی فلم''پنجاب نہیں جاؤں گی''دنیا بھر میں 50 ، 50 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔ علاوہ ازیں علی ظفر کی فلم''طیفا ان ٹربل''بھی حال ہی میں 50 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی ہے تاہم ''جوانی پھر نہیں آنی2'' نے 70 کروڑ کے بزنس کے ساتھ تمام فلموں کو پیچھے چھوڑدیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں