کراچی میں سفاری پارک کے قریب پولیس مقابلہ 3 ڈاکو ہلاک ڈی ایس پی سمیت 3 اہلکار جاں بحق

ہلاک ملزمان کی شناخت اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے خطرناک ڈاکو پریل چانڈیو، امید علی اور الہٰی چاچڑکے نام سے ہوئی ہے۔

ملزمان اندرون سندھ کارروائی کرتے اور کراچی میں عام شہریوں کی طرح رہائش پزیر تھے، پولیس ۔ فوٹو ایکسپریس نیوز

FAISALABAD:
سفاری پارک کے قریب پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان مقابلے کے دوران 3 ڈاکو ہلاک جب کہ ان کے 3 ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا، مقابلے میں ڈی ایس پی گلشن اقبال قاسم غوری سمیت 3 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔


آج علی الصبح سفاری پارک کے قریب جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی،ملزمان نے ابتدائی طور پر موقع پر پہنچنے والی پولیس موبائل پر فائرنگ کردی، پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا تو ملزمان نے سفاری پارک میں مورچہ بند ہوکر فائرنگ شروع کردی ، جس کے نتیجے ڈی ایس پی گلشن اقبال قاسم غوری اور اے ایس آئی آصف شہید جبکہ ایس ایچ او گلستان جوہر ملک سلیم زخمی ہوگئے۔ ڈی ایس پی سمیت 3 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کےلئےپولیس اور رینجرز کے 400 اہلکاروں نے حصہ لیا اس موقع پر ہیلی کاپٹرز کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی گئی۔

کم و بیش 7 گھنٹے بعد سندھ پولیس کے ترجمان ایس پی عمران شوکت نے میڈیا کو بتایا کہ آپریشن کے دوران ملزمان کو بھاگنے کا موقع نہیں دیا گیا اور جوابی کارروائی میں تینوں ملزمان ہلاک ہوگئے جب کہ ان کے 3 ساتھیوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برامد کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے خطرناک ڈاکو پریل چانڈیو، امید علی اور الہٰی چاچڑکے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک اور گرفتار کئے گئے ملزمان سندھ بھر میں قتل ، اقدام قتل ، اغوا برائے تاوان اور دیگر وارداتوں میں مطلوب تھے، یہ ملزمان کراچی میں عام شہریوں کی طرح رہائش پزیر تھے۔

Recommended Stories

Load Next Story