حمزہ شہباز کی گرفتاری میں نیب پھر ناکام

نیب نے حمزہ شہباز کے گھر پر دوسرے روز بھی چھاپہ مارا تاہم اس بار عدالت نے نیب کو روک دیا


ویب ڈیسک April 06, 2019
نیب نے حمزہ شہباز کے گھر پر چھاپا مارا تاہم لاہور ہائی کورٹ نے گرفتاری سے روک دیا فوٹو: ایکسپریس

نیب کے افسران نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تاہم لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو گرفتاری سے روک دیا جس پر نیب ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں نیب کی تفتیشی ٹیم نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ گزشتہ روز کی طرح کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری نے ماڈل ٹاؤن کا محاصرہ کیا تاہم نیب کے اہلکار گھر کے اندر داخل نہیں ہوئے اور باہر ہی انتظار کرتے رہے، تاہم گھر میں داخل ہونے کے لیے سیڑھی بھی منگوالی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیدیا

نیب کے چھاپے کی خبر سنتے ہی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ماڈل ٹاؤن پہنچ گئی اور ان کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں، ادھر نیب نے گرفتاری میں مدد کے لیے رینجرز کو بھی طلب کیا۔

اسی اثنا میں مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرکے درخواست ضمانت دائر کی۔ یہ درخواست ضمانت 8 اپریل پیر کے روز سماعت کے لیے مقرر ہوئی تاہم ن لیگ کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ اور ہائی کورٹ بار کے صدر حفیظ الرحمان چوپدری عدالت میں پیش ہوئے اور درخواست کی فوری سماعت کی استدعا کی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم خان نے درخواست کی اِن چیمبر سماعت کرنے کے بعد نیب کو حمزہ شہباز کی درخواستِ ضمانت کی 8 اپریل کو باقاعدہ سماعت تک گرفتاری سے روک دیا۔

حمزہ مطلوب نہیں تو چھپتے کیوں ہیں، نیب

قبل ازیں حمزہ شہباز کے گھر کے باہر نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری اصغر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمام قانونی تقاضے پورے کئے ہیں، ان کی گرفتاری کے وارنٹ ہمارے پاس ہیں، حمزہ شہباز گھر کے تہہ خانے میں چھپے ہوئے ہیں، حمزہ شہباز سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دیواروں کے پیچھے چھپنے کے بجائے گرفتاری دے دیں۔ وہ بھی قانونی تقاضے پورے کریں، اگر حمزہ شہباز مطلوب نہیں ہیں تو وہ آکر بتادیں چھپتے کیوں ہیں، ہم کوئی دہشت گرد نہیں ہیں اور نہ ہی اسلحہ لے کر آئے ہیں خالی ہاتھ آئے ہیں، پنجاب پولیس کی مدد لی ہے، کل بھی آئے تھے لیکن ان کو پکڑنے نہیں دیا گیا، آج گرفتار کرکے ہی جائیں گے، وارنٹ گرفتاری دے دیئے ہیں مگر اس کے باوجود وہ اس کو قبول نہیں کررہے۔

نیب چھاپہ ریاستی دہشت گردی ہے، ترجمان حمزہ شہباز

نیب کے چھاپے پر حمزہ شہباز کے ترجمان عطا تارڑ نے کہا ہے کہ نیب کی کارروائی ریاستی دہشت گردی ہے، نیب نے آنے سے پہلے ہمیں نہیں بتایا گیا، حمزہ شہباز کی گرفتاری نہیں ہو سکتی ہم ان سے بات کررہے ہیں۔

گزشتہ روز قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔ نیب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نیب لاہور کی ٹیم حمزہ شہباز کی آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر گرفتاری کے لیے گئی تاہم حمزہ شہباز کے گارڈز کی جانب سے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا گیا اور نیب ٹیم کو باقاعدہ زدوکوب کیا اور بعض اہلکاروں کے کپڑے پھاڑنے کے علاوہ جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں