مصر میں فوج کے ہاتھوں شہریوں کی ہلاکت کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

مصری حکومت طاقت کے استعمال سے گریز کرے اور مصر میں عوامی امنگوں کے مطابق جمہوریت بحال کی جائے، قرارداد کا متن


ویب ڈیسک August 15, 2013
ایوان اپنے مصری بھائیوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور پاکستانی حکمران مصری حکمرانوں کو پاکستانی عوام کے جذبات اور نیک خواہشات سے آگاہ کریں،قرارداد کا متن فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں مصر کی صورتحال اور فوج کے ہاتھوں شہریوں کی ہلاکت کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔

ایوان میں قرارداد جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی طارق اللہ نے پیش کی جس میں مصر کے معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں کے خلاف طاقت کے استعمال پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مصر میں عوامی امنگوں کے مطابق جمہوریت بحال کی جائے اور مصری حکومت طاقت کے استعمال سے گریز کرتے ہوئے برداشت کا مظاہرہ کرے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل حل کئے جائیں، مصر میں طاقت کے استعمال سے اب تک کئی ہلاکتیں ہوچکی ہیں جنہیں اخوان المسلمین نے ہزاروں کی تعداد میں بتایا ہے،قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ایوان اپنے مصری بھائیوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور پاکستانی حکمران مصری حکمرانوں کو پاکستانی عوام کے جذبات اور نیک خواہشات سے آگاہ کریں۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کی جانب سے بھی مصر کے نہتے عوام پر طاقت کے استعمال پر افسوس اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مصر کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں پاکستان مصری عوام کا خیر خواہ اور دوست ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مصر کے تمام فریقین صبروتحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں ،عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرتے ہوئے مذاکرات سے آئینی اور قانونی امور طے کئے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں