پنجاب کی حکومت کو راکٹ سے اتار کر گدھا گاڑی پر بٹھا دیا احسن اقبال

(ن) لیگ کی حکومت ہٹانے کا نتیجہ دیکھ لیا، احسن اقبال


ویب ڈیسک April 07, 2019
(ن) لیگ کی حکومت ہٹانے کا نتیجہ دیکھ لیا، احسن اقبال

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پنجاب کی حکومت کو راکٹ سے اتار کر گدھا گاڑی پر بٹھا دیا ہے۔

ناروال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت پر قبضہ کیا گیا اور پنجاب کی حکومت کو راکٹ سے اتار کر گدھا گاڑی پر بٹھا دیا گیا، ہمارے دور میں سرکاری اسپتالوں میں مفت علاج ، ادویات ملتی تھیں لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی حکومت نے سب کچھ بند کردیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح نادار اور مجبور لوگوں کی خدمت تھی لیکن اس حکومت نے غریبوں کے لیے علاج ناممکن بنادیا، ہیلتھ کارڈ بند کرکے اپنی تصاویر لگائی جارہی ہے، خیبرپختونخوا کی نالائق حکومت میٹرو نہیں چلاسکی اور نالائق حکومت نے 8 ماہ میں ایکسڈنٹ کردیا جب کہ لیگی حکومت ہٹانے کا نتیجہ دیکھ لیا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان میں نیا صرف نالائق حکومت ہے اور یہ حکومت بالکل اناڑی ہے، پنجاب کے عوام گاجر مولی نہیں ہیں پنجاب کی عوام کو دبانے کا سلسلہ بند کیا جائے جب کہ وزیراعظم کی کرسی پر بھلے عمران خان بیٹھا ہے، عوام کے دلوں پر آج بھی حکومت نواز شریف کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں