فائر بریگیڈ جدید کمیونی کیشن نظام سے محروم

آتشزدگی کی صورت میں واکی ٹاکی میسر نہ ہونے کے باعث ملازمین اپنے موبائل فون کے ذریعے ہی رابطہ کرتے ہیں ،ذرائع


Raheel Salman April 08, 2019
بلند عمارت میں آگ لگنے کے دوران فائرفائٹرزاورافسران میںرابطے کافقدان رہتا ہے،کمیونی کیشن کے حوالے سے ٹینڈرجاری کیاگیا ،کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی فوٹو: فائل

اکیسویں صدی میں جہاں دنیا ٹیکنالوجی سے مستفید ہورہی ہے وہیں روشنیوں کے شہرکراچی کے فائربریگیڈکایہ حال ہے کہ محکمہ اب تک جدیدکمیونی کیشن نظام سے محروم ہے، محکمے کے پاس وائرلیس سسٹم ہی نہیں ، شہرمیں آتشزدگی کی صورت میں واکی ٹاکی نہ ہونے سے ملازمین اپنے موبائل فون کے ذریعے رابطہ کرتے ہیں ، 2سال قبل کمیونی کیشن سسٹم کے لیے ٹینڈر جاری کیا گیا لیکن کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے10 بڑے شہروں میں شمار کراچی کے فائربریگیڈکا حال یہ ہے کہ فائر بریگیڈ کے پاس جدید کمیونی کیشن سسٹم موجود نہیں ہے ،عالمی معیار کے مطابق ہر فائراسٹیشن پروائرلیس سیٹ لگایا جاتا ہے تاکہ تمام فائر اسٹیشن رابطے میں رہ سکیں ، فائر بریگیڈکی گاڑی کے اندر بھی اسی طرح کا ایک سیٹ نصب ہوتا ہے اس کے ذریعے فائر فائٹرز نہ صرف اپنی لوکیشن بتانے کے قابل ہوتے ہیں بلکہ آگ لگنے کے مقام سے آگاہی حاصل کرتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ افسران کو واکی ٹاکی سیٹ فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ اسٹیشن ،گاڑی اورافسران سے رابطے میں رہ سکیں۔

آتشزدگی کی صورت میں واکی ٹاکی سیٹ کار آمد ثابت ہوتا ہے، شہرقائد میں صورتحال یہ ہے کہ اگر کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگ جائے تو وہاں امدادی کام کرنے والے فائر فائٹرز اور افسران اپنے موبائل فون کے ذریعے رابطے کرتے ہیں، فائر ٹینڈر جب اسٹیشن سے نکل جائے تو اس کے بعد اس سے رابطہ گاڑی میں سوار فائر فائٹرز کے موبائل فون پر ہی کیا جاتا ہے۔

جائے وقوع پر پہنچنے کے بعد اور امدادی کارروائیوں کے دوران تمام تررابطے وائر لیس سیٹ پر ہونے چاہئیں جن کا نہ صرف ریکارڈ (لاگ) موجود ہوتا ہے لیکن کراچی میں ایسا کوئی نظام سرے سے موجود ہی نہیں ہے ،ذرائع نے بتایا کہ سال 2017 میں کمیونی کیشن کے حوالے سے ٹینڈر جاری کیا گیا تھا لیکن کوئی پیش رفت نہ ہوسکی ،کنٹریکٹ مینجمنٹ کے نام سے باقاعدہ ایک الگ شعبہ بنایاگیا ہے لیکن اس کے باوجود فائربریگیڈ کے لیے اب تک کمیونی کیشن کا کوئی کنٹریکٹ نہیںکیاگیا حکومت فوری طور پر فائربریگیڈکو کمیونی کیشن سسٹم فراہم کرے تاکہ آتشزدگی کے واقعات پرقابومیں آسانی ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں