ذوالفقار کھوسہ کی نوازشریف سے ملاقات ناراضی ختم ہوگئی

پارٹی صدرنے کھوسہ اور انکے بیٹے دوست کھوسہ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی


Numainda Express August 26, 2012
پارٹی صدرنے کھوسہ اور انکے بیٹے دوست کھوسہ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی. فوٹو فائل

سینیٹر سردار ذوالفقارکھوسہ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف سے رائیونڈ میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کے بعد پارٹی سے اپنی ناراضی ختم کردی ہے۔انھوں نے پارٹی صدر کو اپنے اور اپنے بیٹے دوست محمد کھوسہ کے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر قیادت نے انھیں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے، ذوالفقار کھوسہ سینئر مشیر کا عہدہ بھی دوبارہ سنبھال لیں گے جبکہ دوست محمد کھوسہ کی (ن) لیگ ڈیرہ غازی خان کے صدر کے عہدے سے استعفے کے بارے میں ان کی بیرون ملک سے وطن واپسی پر مشاورت کی جائے گی۔

ذوالفقارکھوسہ گزشتہ روز(ن) لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق سرور اور رکن قومی اسمبلی رانا تنویر کے ساتھ جاتی عمرہ رائیونڈ پہنچے، ملاقات میں وزیراعلیٰ شہباز شریف اور چوہدری نثار علی خان بھی موجود تھے۔ ذوالفقار کھوسہ نے اپنی ناراضی کی وجوہات سے تفصیلی آگاہ کیا جس پر پارٹی قیادت نے ان کی مسلم لیگ (ن) کیلیے قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ پارٹی کا سرمایہ ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ذوالفقار کھوسہ نے اس موقع پر اپنے صاحبزادے کے ساتھ پنجاب حکومت کے رویے اور بیوروکریسی کی طرف سے ان کے احکامات نہ ماننے کا بھی شکوہ کیا جس پر انھیں کہا گیا کہ آپ کے تمام تحفظات دور کیے جائیں گے ۔

ذوالفقار کھوسہ نے قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی چھوڑ کر نہیں گیا ، مسلم لیگی ہوں اور مسلم لیگی ہی رہوں گا۔ ملاقات کے بعد سردارکھوسہ میڈیا سے بات کیے بغیر واپس چلے گئے جبکہ راجہ اشفاق سرور نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ذوالفقارکھوسہ کے تحفظات کو دور کیا گیا ہے اور اس ملاقات کے بعد حالات پہلے کی طرح نارمل ہوگئے ہیں جہاں تک دوست محمد کھوسہ کی سابق پریس کانفرنس کا سوال ہے تو ان کے والد سردار ذوالفقار کھوسہ نے بھی اس پر ناراضی کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ذوالفقار کھوسہ کا سنیئر مشیر کے عہدے سے استعفیٰ منظور نہیں کیا تھا اور وہ اس عہدے پر ہی ہیں جبکہ دوست محمد کھوسہ ہمارے چھوٹے بھائی ہیں ۔

ذوالفقار کھوسہ اپنی مرضی سے چل کر رائیونڈ آئے ہیں اور اس کیلیے چوہدری نثار اور دیگر رہنما کافی متحرک رہے ہیں۔ ذوالفقار کھوسہ کے بیوروکریسی کے عدم تعاون سمیت کچھ دوسرے گلے تھے لیکن انکا قیادت سے بالواسطہ کوئی گلہ نہیں تھا۔ ڈیرہ غازی خان سے نمائندہ ایکسپریس نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور سردار ذوالفقار کھوسہ کے درمیان صلح پر کارکنوں اور کھوسہ کے حامیوں کے چہروں کی رونقیں لوٹ آئیں اور اس خوشی میں انھوں نے جشن منایا جبکہ اختلاف کے مرکزی کردار دوست محمد کھوسہ کو خاص حکمت عملی کے تحت معاملات مزید بہتر کرنے کیلیے ملک سے باہر بھیج دیا گیا، وہ بچوں کے ساتھ سیر و تفریح کیلیے اٹلی گئے ہیں، ان کی واپسی 5ستمبر کو ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں