پی ایس کیو سی اے نے مرغی کی فیڈ میں خطرناک دھاتوں کی نشاندہی کیوں نہیں کی۔ فوٹو:فائل
مرغیوں کی فیڈ میں خطرناک دھاتوں کی وجہ سے برائیلر مرغی مضر صحت قرار دینے کی جامعہ کراچی کے شعبہ انوائرمینٹل اسٹڈیز کے ماہرین کی رپورٹ کے تناظر میں کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے مضر صحت برائیلر مرغی کی فروخت پر فوری پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کوکب اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹینڈرڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے مرغی کی فیڈ میں خطرناک دھاتوں کی نشان دہی کیوں نہیں کی یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی مضرصحت مرغی فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔
انھوں نے کہا کہ کل کمشنر کراچی نے مرغیوں اور انڈوں کی سپلائی کو یقینی بنانے اور ان کے نرخ طے کیے جانے کے سلسلے میں ایک اجلاس بلایا ہے اس اجلاس کو منسوخ کرکے پولٹری ایسوسی ایشن سے مضر صحت برائیلر مرغی فروخت کرنے کی باز پرس کی جائے اور تاوقتیکہ کہ ماہرین شعبہ انوائرمینٹل اسٹڈیز کی رپورٹ صحیح نہیں آجاتی برائیلر مرغی کی فروخت پر فوری پابندی عائد کی جائے، صارفین کی صحت سب سے اہم ہے انھوں نے کہا کہ جب برائیلر مرغی مضر صحت قرار دی گئی ہے تو یقیناً انڈے بھی مضر صحت ہوں گے اس کے لیے ماہرین پر مشتمل کمشنر کراچی کی نگرانی میں کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں میڈیا اور صارفین کے نمائندے بھی شامل ہوں۔
کوکب اقبال نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ جامعہ کراچی کے ماہرین شعبہ انوائرمینٹل اسٹڈیز کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے باوجود ابھی تک مضر صحت برائلر مرغی کی فروخت پر حکومت کا کوئی لائحہ عمل سامنے نہیں آیا انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر خوراک ہری رام کشوری لال سے فوری کارروائی کی اپیل کی ہے انھوں نے صارفین کو ان کے مفاد میں مضر صحت برائیلر مرغی کی خریداری نہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ ان کی صحت خراب ہونے سے محفوظ رہے۔
انہوں نے کہا کہ مرغی فروخت کرنے والی دکانیں گندگی کاڈھیر دکھائی دیتی ہیں صفائی کا ناقص انتظام ہے مگر اس کے باوجود انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔