بھارت میں بزرگ مسلمان پر انتہاپسند ہندوؤں کا بہیمانہ تشدد سور کا گوشت کھلادیا

مشتعل ہجوم نے گائے کے گوشت کی فروخت کا الزام لگا کر68 سالہ مسلمان بزرگ کو کیچڑ میں بٹھا کر زبردستی سور کا گوشت کھلایا


ویب ڈیسک April 09, 2019
مشتعل ہجوم نے مسلمان بزرگ شہری شوکت علی کو سور کا گوشت کھانے پر مجبور کیا۔ فوٹو : ٹویٹر

بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں نے 68 سالہ بزرگ شوکت علی پر گائے کا گوشت فروخت کرنے کا الزام لگا کر انسانیت سوز تشدد کیا اور کیچڑ میں بٹھا کر سور کا گوشت کھانے پر مجبور کیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست آسام میں مشتعل ہجوم نے گائے کے گوشت کے فروخت کا الزام لگا کر بزرگ مسلمان شوکت علی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ہندو انتہا پسندوں نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ بزرگ شہری کو گندے کیچڑ میں بٹھا کر سور کا گوشت کھانے پر مجبور کیا گیا۔

مسلمان بزرگ شہری کے انسانیت سوز مظالم کے وقت موقع پر موجود افراد ویڈیو بناتے رہے جب کہ ضعیف شخص معافی کی بھیک مانگتا رہا اور مدد کی درخواست کرتا رہا لیکن کسی نے بھی بزرگ شہری کی مدد نہیں کی، یہاں تک کہ بزرگ شہری بے ہوش ہوگئے۔

یہ پہلی بار نہیں کہ کسی مسلمان پر گائے ماتا کے تقدس کے نام پر تشدد کیا گیا ہو، ہیومن رائٹس واچ کے مطابق مئی 2015 سے دسمبر 2018 تک 44 افراد گائے ماتا کے نام پر مشتعل ہجوم کے تشدد کا شکار ہوئے ان میں سے 36 مسلمان تھے۔ گائے کو لیکر سفر کرنے والوں کو راستے میں روک مشتعل ہجوم تشدد کا نشانہ بناتا ہے اور قتل کردیتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں گائے ماتا کے تحفظ کا ڈھکوسلہ محض ہندوؤں کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے بی جے پی کی کارستانی ہے، جس کے لیے جارحیت پسند مودی سرکار کے دور اقتدار میں انتہا پسندوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، انتہا پسند ہندوؤں نے نام نہاد سیکولر ریاست میں مسلمانوں کا جینا حرام کر دیا ہے۔



تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔