کراچی میٹرو بس سروس کا منصوبہ 8 برس میں مکمل ہوگا

وزیراعظم نوازشریف نے منصوبے کیلیے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کردی، کراچی میٹرو بس منصوبہ ماڑی پور سے شروع کیا جائے گا


عامر خان August 16, 2013
وزیراعظم نوازشریف نے منصوبے کیلیے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کردی، کراچی میٹرو بس منصوبہ ماڑی پور سے شروع کیا جائے گا. فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے کراچی میں لاہور طرز کی میٹروبس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کراچی میں میٹرو بس منصوبے کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے ،ٹاسک فورس کے سربراہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار ہوں گے ،اس ٹاسک فورس میں سیکریٹری خزانہ ،سیکریٹری مواصلات ،چیئرمین این ایچ اے ،چیف سیکریٹری سندھ ،سیکریٹری پلاننگ اینڈڈیولپمنٹ سندھ ،سیکریٹری خزانہ سندھ،کمشنر کراچی،ایڈمنسٹریٹرکراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن ،ماہرین ٹرانسپورٹ اور غیر ملکی ماہرین کو شامل کیا جائے گا ۔یہ ٹاسک فورس 30ارکان پر مشتمل ہوگی جو3ماہ میں وزیراعظم کواس منصوبے کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔



وفاقی حکومت کے ذرائع نے بتایاکہ کراچی میٹرو بس منصوبہ ماڑی پورسے شروع کیا جائے گا اور اس کے لیے ماڑی پور سے لانڈھی،ماڑی پورسے سہراب گوٹھ،ماڑی پورسے سرجانی ٹاؤن اور ماڑی پور سے اورنگی تک4مختلف روٹس پریہ بس سروس شروع کی جائے گی ۔اس منصوبے کے لیے چارسمتوں میں 150سے 180کلو میٹر تک دو رویہ خصوصی ٹریک تعمیر کیاجائے گا ۔اس منصوبے کے لیے فنی تعاون اور معاونت ترکی اورچین سے حاصل کی جائے گی۔وفاقی حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پرپہلے مرحلے میں میٹرو بس سروس ماڑی پور سے سہراب گوٹھ تک شروع کی جائے گی۔

اس منصوبے پر تخمینہ 2 کھرب روپے لگایا گیا ہے، یہ منصوبہ 5سے 8برس میں مکمل ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ ٹاسک فورس کی تشکیل کے بعداس کے ارکان سندھ حکومت اورکے ایم سی کی معاونت سے کراچی کی شاہراہوں کا تفصیلی سروے کریں گے،اس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا جائے گا اور اس منصوبے کے لیے وفاقی حکومت 30 فیصد، سندھ حکومت 20فیصد اور50فیصد فنڈز پرائیویٹ سیکٹرسے حاصل کیا جائے گا ،منصوبے کے پہلے مرحلے پر 55ارب روپے لاگت آئے گی اور پہلے روٹ پر 250ایئرکنڈیشنزبڑی بسیں چلائی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں