کراچی میں ایکسپریس نیوز کے دفتر پر شدید فائرنگ خاتون ورکر اور گارڈ زخمی

گورنرسندھ اور وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے ایکسپریس نیوز کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا

ایکپسریس نیوز کے دفتر کے باہر پولیس جائے وقوعہ کا معائنہ کررہی ہے۔ فوٹو جہانگزیب حقی

ایکسپریس نیوز کے دفتر پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں خاتون ورکر اور گارڈ زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کراچی کے دفتر پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی ہے، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون ورکر اور گارڈ میر علی زخمی ہوگئے، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب 20 سے 25 فائر کئے گئے، فائرنگ کے بعد چاروں افراد بلوچ کالونی کی جانب فرار ہوگئے، تاہم اطلاع کے باوجوہ پولیس پون گھنٹے تاخیر سے ایکسپریس نیوز کے آفس پہنچی۔


وزیراعظم نوازشریف نے ایکسپریس نیوز کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ واقعے کی تحقیقات کرکے جلد رپورٹ پیش کی جائے، انہوں نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ فائرنگ میں زخمی ہونے والے افراد کو جلد صحت یاب کرے ۔

صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے ایکسپریس نیوز کے دفترکا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے واقعے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے یقین دلایا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ، پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اورتحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اورصحافتی تنظیموں کی جانب سے ایکسپریس نیوز کے دفترپرفائرنگ کے واقعے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان اوروزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے ایکسپریس نیوز کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لے لیا، وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں سے اس افسوسناک واقعے کی رپورٹ طلب کرلی جب کہ گورنر نے انتظامیہ سے ایکسپریس نیوز کے آفس کے باہر سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
Load Next Story