ریلوے پولیس نے موبائل فونز کی اسمگلنگ ناکام بنادی

 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، 468 موبائل فونز برآمد ہوئے،ایس ایس پی شہلا قریشی

ایس ایس پی شہلا قریشی اسمگلروں کی واردات کی تفصیل بتا رہی ہیں ،موبائل فون بھی موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ڈرگ روڈ ریلوے پولیس نے اندرون ملک سے لائے جانے والے موبائل فونز کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے ساڑھے چار سو سے زائد موبائل فون قبضے میں لے کر 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔


ایس ایس پی ریلوے ڈویژن کراچی شہلا قریشی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پنجاب سے آنے والی ملت ایکسپریس ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن پر پہنچی اس دوران ریلوے پولیس چیکنگ میں مصروف تھی کہ ٹرین سے اتر کر جانے والا مسافر کاشف جو کہ فیصل آباد سے کراچی پہنچا تھا اور اسے لینے کے لیے مصطفیٰ اور عرفان آئے تھے پولیس نے شک کی بنا پر پارکنگ ایریا میں مسافر کے ساتھ موجود 3 بیگوں کو چیک کیا تو اس میں مختلف کمپنیز کے 468 موبائل فونز برآمد ہوئے جس پر پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

شہلا قریشی نے بتایا کہ پکڑے جانے والے موبائل فونز مصطفیٰ سکندر کی ملکیت ہیں جبکہ عرفان مارکیٹ کے رقم جمع کرتا ہے،ملزم کاشف ان کے لیے موبائل فونر اندرون ملک سے کراچی پہنچاتا ہے ، پکڑے جانے والے موبائل فونز راولپنڈی راجہ بازار سے حاصل کیے گئے تھے جبکہ گرفتار ملزم مصطفی سکندر کے خلاف اس سے قبل بھی گزشتہ ماہ کسٹم ایکٹ کے تحت تھانہ ریلوے پولیس کینٹ میں درج ہے۔
Load Next Story