وکی لیکس کے بانی جولین اسانج برطانیہ میں گرفتار

جولین اسانج نے گزشتہ 7 سال سے لندن میں ایکواڈور کے سفارتخانے میں سیاسی پناہ لے رکھی تھی


ویب ڈیسک April 11, 2019
جولین اسانج سویڈن میں جنسی زیادتی کے مقدمے میں مطلوب ہیں۔ فوٹو : فائل

برطانیہ میں ایکواڈور کے سفارت خانے سے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کو گرفتار کرلیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کو برطانیہ میں ایکواڈور کے سفارت خانے سے گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتاری ایکواڈور کی طرف سے جولین اسانج کی سیاسی پناہ ختم کرنے پر کی گئی جس کے بعد برطانوی پولیس نے جولین اسانج کو گرفتار کرکے سینٹرل لندن کے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ہے۔



ایکواڈور حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جولین اسانج کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے بعد سیاسی پناہ واپس لی گئی۔ دوسری جانب برطانوی سیکریٹری داخلہ ساجد جاوید نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں کہا کہ جولین اسانج اس وقت برطانوی پولیس کی حراست میں ہیں، ایکواڈور حکومت کے تعاون پر شکر گزار ہیں جب کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں۔

واضح رہے کہ وکی لیکس کے بانی جولین اسانج سویڈن میں جنسی زیادتی کے مقدمے میں مطلوب ہیں جب کہ وہ گزشتہ 7 سال سے لندن میں ایکواڈور کے سفارتخانے میں مقیم تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔