کرپشن کے باعث تعلقہ کونسل تلہار بدحالی کا شکار

گلی محلوں میں برساتی پانی جمع، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، نوٹس لینے کا مطالبہ

تعلقہ کونسل کے پاس اتنے پیسے بھی نہیں کہ ڈیزل خرید کر مشینوں کے ذریعے بارش کا پانی نکال سکے۔ فوٹو: فائل

تلہار تعلقہ کونسل میں کرپشن عروج پر کروڑوں روپے کا بجٹ ہر ماہ ہڑپ کر لیا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تلہار تعلقہ کونسل کو ترقیاتی کاموں کیلیے ماہانہ ایک کروڑ 25 لاکھ روپے دیے جاتے ہیں جبکہ تعلقہ کے ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر اخراجات 50 لاکھ روپے سے زائد نہیں جبکہ بقایا تمام رقم ہڑپ کی جاتی ہے۔ پورے شہر کی ہر سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے،اسٹریٹ لائٹس کا کوئی نظام ہی نہیں۔واٹر سپلائی کا نظام درہم برہم ہے جسکی وجہ سے شہری آلودہ اور بدبودار پانی پینے پر مجبور ہیں۔




تعلقہ کونسل کے پاس اتنے پیسے بھی نہیں کہ ڈیزل خرید کر مشینوں کے ذریعے بارش کا پانی نکال سکے۔ ٹی ایم اوایک ماہ سے اپنے آفس ہی نہیں آئے۔ عید سے قبل مسلمان ملازمین کوآدھی تنخواہیں جاری کی گئیں جس کیلیے رقم شہر کے ایک بیوپاری سے سود پر لی گئی۔ 50 لاکھ روپے مالیت سے بجلی کے کھمبے لگائے گئے 2 ماہ گزر گئے لیکن ابھی تک ان میں بجلی کے تار تک نہیں لگے،کروڑوں روپے مالیت سے بنایا گیا شہید بینظیر چوک سے رندو بائی پاس تک روڈ ایک بارش میں بہہ گیا،برساتی پانی کی نکاسی کیلیے برساتی نالا 45 لاکھ روپے خرچ ہونے کے باوجود ابھی تک تعمیر نہیں ہو سکا۔
Load Next Story