ایکسپریس نیوزکراچی کے دفتر پر حملے کیخلاف مظاہرے

صحافی تنظیموں،سیاسی و سماجی رہنماؤں نے آزادی صحافت پر حملہ قرار دے دیا

صحافیوں نے حملے کی شدید مذمت کی جبکہ مختلف شہروں میں مظاہرے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ فوٹو: ایکسپریس

ایکسپریس نیوز کراچی کے دفتر پر حملے اور فائرنگ سے گارڈ اور خاتون ورکر کے زخمی ہونے کے واقعات پر حیدرآباد سمیت زیریں سندھ میں صحافیوں نے شدید مذمت کی اور اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔

حیدرآباد، میرپورخاص، ڈگری، نوکوٹ، جھڈو، بھٹ شاہ، سانگھڑ، شاہ پور چاکر، کھپرو، ماتلی، تلہار، کھوسکی، نواب شاہ، دوڑ، جام صاحب، قاضی احمد، ٹنڈو الٰہیار، عمر کوٹ، کنری، مٹھی، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، سجاول، میرپور بٹھورو، کوٹری، سیہون اور بدین میں صحافیوں نے حملے کی شدید مذمت کی جبکہ مختلف شہروں میں مظاہرے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ حیدرآباد یونین آف جرنسلٹ کی جانب اس واقعے کی شدید مذمت کی گئی جبکہ قومی عوامی پارٹی کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ ایکسپریس نیوز کراچی کے دفتر پر حملہ آزادی صحافت پر حملہ ہے۔

انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ واقعے کا سو موٹو ایکشن لیں۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ دستور کے عبدالحفیظ عابد نے دفتر پر فائرنگ کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا جبکہ پیپلز پارٹی کی رہنما و سابق صوبائی وزیر سسی پلیجو، صادق میمن، امتیاز قریشی نے اس کی مذمت کی۔سندھ پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے صوبائی صدر و سینیٹر عاجز دھامراہ، تنویر آرائیں اور ڈویژنل صدر احسان ابڑو کا کہنا تھا کہ ایکسپریس نیوزکے سچ کے سپاہی کسی سے بھی خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ ایم کیو ایم ٹھٹھہ کے زونل انچارج محمد عیسیٰ جوکھیو نے ایکسپریس نیوز کراچی کے دفتر پر حملے کو بزدلانہ کاروائی قرار دیا ہے، آل پاکستان مسلم لیگ حیدرآباد کے عہدیداران نے شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کو لگام ڈالے جو جہاں چاہتے ہیں دہشت گردی کرتے ہیں۔




ماتلی کے صحافیوں نے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔اسی طرح بدین میں نیشنل پریس کلب اور سندھ صحافی سنگت کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ صحافیوں کی جانب سے ہالا اور بھٹ شاہ پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیے گئے اور ر سیاہ پرچم لہرائے گئے۔

میرپورخاص پریس کلب کے صدر قمر الدین اور سندھ صحافی سنگت کے جنرل سیکریٹری سجاد رند، انجمن تاجران حیدرآباد کے صدر سلیم وہرانے کہا کہ مقبول ترین نیوز چینل کو اس طرح کی گھٹیا حرکتیں کر کے ڈرایا نہیں جا سکتا ہے۔ دوسری جانب آل پاکستان مسلم لیگ ضلع حیدرآباد اور بھاؤ نگر میمن جماعت حیدرآباد کے صدر فاروق احمد میمن، دوڑ ضلع بے نظیر آباد میں تعلقہ یونین آف جرنلسٹس، انور خانزادہ، شکیل احمد خانزادہ ، شاہ پور چاکر کے صحافیوں ملک عبدالرزاق، غلام حیدر دھامراہ، مقصود احمد مغل اور عبدالقادر ڈاہری ، پیپلز پارٹی کے رہنما دلبر خان ڈاہری، عبدالقادر ڈاہری، مسلم لیگ ن کے مشتاق آرائیں، راؤ عبدالشکور، مسلم لیگ فنکشنل کے ملک فقیر محمد ، محمد یامین ملک، اقبال راجپوت، سماجی رہنما رانا خلیل، گلزار احمد ملک، جان محمد بروہی، پیپلز لیبر بیورو کے رہنما ذوالفقار دھامراہ، گسٹا کے رہنما تاج محمد ڈاہری اور خادم مغل،علی گل جلبانی ایپکا کے رہنما کاشف خان، ڈگری پریس کلب کے صدر صغیر احمد قریشی، ڈاکٹر سرفراز احمد، حاجی افتخار سمیت دیگر نے ایکسپریس نیوز کراچی کے دفتر پر حملے کی مذمت کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
Load Next Story