حنیف عباسی ایفی ڈرین کیس میں 8 ماہ 21 دن قید رہے 3 جیلوں کا پانی پیا

21جولائی2018 کو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید اور10لاکھ جرمانے کی سزا دی گئی

ن لیگ کارہائی کے بعد راولپنڈی آمد پر حنیف عباسی کاوالہانہ استقبال کرنے کا پروگرام۔ فوٹو : فائل

ایفی ڈرین کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے محمد حنیف عباسی 8 ماہ 21 دن جیل میں رہے۔

ضمانت پر رہا ہونے والے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے محمد حنیف عباسی 8 ماہ 21 دن جیل میں رہے اور اس قید کے دوران انھوں نے اڈیالہ جیل راولپنڈی،اٹک جیل اور لاہور جیل کا پانی پیا،اب گزشتہ چار ماہ سے اڈیالہ جیل قید تھے،انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج سردار محمد اکرم نے انھیں21جولائی2018 کو 137کلو ایفی ڈرین کی مبینہ اسمگلنگ میں عمر قید10لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔


اسی کیس میں ان کی تمام منقولہ،غیر منقولہ جائیداد،بنک اکاؤنٹس منجمند کئے گئے ہیں اور انہیں بحق سرکار ضبط کرنے کا مقدمہ بھی اسی عدالت میں زیر سماعت ہے جس کی سماعت 24 اپریل کو ہوگی،اس مقدمہ میں ان کی فیملیز کے اراکین اور بھائی کا نام بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ حنیف عباسی راولپنڈی سے2 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، پہلی بار ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کے بھتیجے کو ضمنی انتخاب میں شکست دے کر کامیاب ہوئے۔
Load Next Story