محمد عامر ورلڈکپ اسکواڈ میں منتخب ہونے کیلیے پر امید

فاسٹ بولر کل اپنی ستائیس ویں سالگرہ کے موقع پر فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔


Muhammad Yousuf Anjum April 12, 2019
فاسٹ بولر کل اپنی ستائیس ویں سالگرہ کے موقع پر فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کل اپنی ستائیس ویں سالگرہ کے موقع پر فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کے ممکنہ پلان کے مطابق 15 رکنی سکواڈ میں پانچ فاسٹ بولر شامل ہوں گے، جس کے لیے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، فہیم اشرف اور عثمان شنواری کی جگہ تو پکی دکھائی دیتی ہے تاہم محمد عامر ،محمد حسنین، جنید خان اور محمد عباس میں سے ایک انگلینڈ کا ٹکٹ حاصل کر پائے گا۔

ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے بعد دورہ جنوبی افریقہ میں ان کا کم بیک کرایا گیا، پروٹیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں میں 283 رنز دے کر انہوں نے 12 وکٹیں حاصل کیں، ون ڈے سیریز کے تین میچوں میں صرف دو وکٹ لینے میں کامیاب ہوسکے۔ انہوں نے ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جس میں 3 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔

پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے تیز بولر نے 9 میچز کھیلے جس میں ان کی وکٹوں کی تعداد 13 رہی، پی ایس ایل کے بعد تجربہ کار بولر کو آسٹریلیا کے خلاف شارجہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں میدان میں اتارا گیا تھا تاہم وہ 59 رنز دے کر ایک بھی وکٹ نہیں لےسکے تھے اور انہیں باقی میچوں سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

اس کارکردگی کے بعد ایک طرف ان پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف محمد عامر سخت ٹریننگ سے خود کو دورہ انگلینڈ اور ورلڈکپ اسکواڈ کا اہل ثابت کرنا چاہتے ہیں، محمد عامر 36 ٹیسٹ ، 42 ٹی ٹوئنٹی اور 50 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور اہم ایونٹ کے لئے اپنے انتخاب پر یقین رکھتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں