مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے کسی یہودی ایجنٹ کی ضرورت نہیں عمران خان

مولانا صاحب نے امریکی سفیر کو کہا تھا کہ مجھے وزیراعظم بنادیا جائے آپ جو کام چاہتے ہیں میں کردوں گا، عمران خان

اگلے ایک ماہ میں بلدیاتی نظام آنے کے بعد خیبر پختونخوا اور باقی صوبوں میں فرق واضح ہوجائے گا، عمران خان فوٹو: ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD:
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے کسی یہودی ایجنٹ کی ضرورت نہیں اور ہم ان کے ساتھ بھارتی ٹیم جیسا سلوک کریں گے۔

لکی مروت میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ عمران خان یہودیوں کا ایجنٹ ہے حالانکہ مولانا صاحب کے ہوتے ہوئے کسی یہودی ایجنٹ کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہتی، فضل الرحمان نے امریکی سفیر کو کہا تھا کہ مجھے وزیر اعظم بنادیا جائے پھر آپ جو کام چاہتے ہیں میں کردوں گا لیکن ہمارے امیدواروں کو کوئی نہیں خرید سکتا، انہوں نے کہا کہ عوام ضمنی انتخابات کی تیاری کرلیں اس بار ہمارا مقابلہ مولانا صاحب سے ہے، 22 اگست کو مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بھارتی ٹیم جیسا سلوک کریں گے اور عوام کے ساتھ ساتھ مولانا صاحب کے ساتھ بھی انصاف کریں گے۔


عمران خان نے کہا کہ ایک ماہ بعد نیا بلدیاتی نظام آنے والا ہے اور یہ ان کا وعدہ ہے کہ ایک مہینے بعد خیبر پختونخوا اور باقی تینوں صوبوں میں فرق ظاہر ہوجائے گا، نئے بلدیاتی نظام کے بعد عوام کو کسی ایم این اے اور ایم پی اے کے پیچھے درخواستیں لے کر نہیں جانا پڑے گا، دیہاتوں اور شہروں کے لوگ اپنے فیصلے خود کرسکیں گے، ہر تحصیل میں کھیلوں کا اسٹیڈیم بنایا جائے گا، ہر یونین کونسل میں نیا اسکول اور نئے اسپتال قائم کئے جائیں گے اور صرف ایک ماہ بعد صوبے کے لوگوں کو ایک نیا پاکستان نظر آئے گا۔

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ لکی مروت کے نوجوانوں اور بزرگوں کے شاندار استقبال پر وہ ان کے شگر گزار ہیں، وہ یقین دلاتے ہیں کہ خیبر پختونخواہ کے عوام کا تحریک انصاف کو حکومت میں لانے کا فیصلہ درست ثابت ہوگا کیونکہ ایماندر قیادت ہی ملک کو سپر پاور بنا سکتی ہے اور وہ عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کا جواز ضرور ثابت کریں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story