میلوڈی کوئین کو نامور ستاروں کا خراجِ تحسین

غلام علی، حامد علی خان، میگھا ، علی عباس ، ماہ نور اور برطانوی بینڈ سٹیریو نیشن کی شرکت نے سماں باندھ دیا


Qaiser Iftikhar April 14, 2019
غلام علی، حامد علی خان، میگھا ، علی عباس ، ماہ نور اور برطانوی بینڈ سٹیریو نیشن کی شرکت نے سماں باندھ دیا۔ فوٹو: فائل

میلوڈی کوئین آف ایشیاء کا اعزاز پانے والی معروف گلوکارہ شاہدہ منی کسی تعارف کی محتاج نہیں۔

شاہدہ منی نے اپنے فنی سفر کا آغاز دس سال کی عمر میں بطور گلوکارہ کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ، تھیٹر اور موسیقی کے شعبوں میں کام کرتی دکھائی دیں۔ یہ ان کی خداداد صلاحیتوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج انہیں پاکستان اور بیرون ممالک میں بھی ان کے فن کی بدولت پہچانا جاتا ہے۔ ان کی گراں قدر خدمات پر حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا۔

شاہدہ منی کی فنی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے لاہور آرٹس کونسل نے بھی الحمرا اوپن ایئر کلچرل کمپلیکس میں ایک گرینڈ شو ' ٹریبیوٹ ٹو شاہدہ منی' کے عنوان سے منعقد کیا۔ اس موقع پر پروگرام میں جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی وہیں۔

دوسری جانب سابق وزیر فیاض الحسن چوہان، غزل گائیک استاد غلام علی، استاد حامد علی خان، موسیقار طافو، فلمسٹار شاہد، توقیر ناصر، نشو، شوکت علی، سہیل احمد، برطانوی پاپ بینڈ سٹیریو نیشن ، راگا بوائز ، ڈاکٹر صغرا صدف، علی عباس، بی جی، دیدار، راشد محمود، چوہدری اعجاز کامران، پرویز کلیم، ماہ نور ،لائبہ خان اور فلم سٹار میگھا سمیت دیگر نے تقریب میں شرکت کرکے ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض فاروق حسن اور عروبہ نے انجام دیئے۔

ٹریبیوٹ ٹو شاہدہ منی شو میں جہاں شاہدہ منی کے مقبول گیتوں پر ماہ نور، نمرین بٹ، وکی سمراٹ اور لائبہ نے پرفارم کرکے داد سمیٹی، وہیں فلمسٹار میگھا نے بطور گلوکارہ ایک ایسا گیت پیش کیا جو سب سے منفرد تھا اور اس کو سننے کے بعد شرکاء جھومنے لگے تھے۔ شو میں غزل گائیک استاد غلام علی نے اپنے صاحبزادے عامر کے ساتھ پرفارم کیا۔ غزل کے مہان گائیک کو اپنے درمیان پا کر لوگ اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور فرمائش کرنے لگے۔ اس موقع پر غلام علی نے اپنی مقبول عزل چپکے چپکے سنائی۔

دوسری جانب استاد حامد علی خاں نے اپنے صاحبزادے ولی کی بطور ہیرو فلم عشق پوزیٹو میں گائی ٹھمری سنا کر ماحول بدل ڈالا، تقریب میں شریک تمام مہمان اپنی گفتگو کے دوران شاہدہ منی کو خراج تحسین پیش کر رہے تھے لیکن برطانوی بینڈ سٹیریو نیشن کے لیڈ سنگر تاز کا انداز ذرا ہٹ کر تھا۔ انہوں نے جہاں اپنے مقبول گیت سنا کر شرکاء کو رقص کرنے پر مجبور کیا وہیں شاہدہ منی کو شاندار انداز میں ٹریبیوٹ پیش کیا۔

رات گئے تک جاری رہنے والے شو میں ہر طرف شاہدہ منی کی فنون لطیفہ میں خدمات کی بات کی جارہی تھی لیکن جونہی پرفارمنس کیلئے شاہدہ منی خود سٹیج پر پہنچیں تو پھر سماں دیدنی تھا۔ وہ گیت سناتی رہیں اور لوگ جھومتے رہے۔ ان کی پرفارمنس کے آخر میں قلندری دھمال نے تو ماحول گرما دیا اور سب لوگ دھمال ڈالتے دکھائی دے رہے تھے۔

اس موقع پر ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے غزل گائیک غلام علی کا کہنا تھا کہ شاہدہ منی ایک سلجھی ہوئی اداکارہ اور بہترین گلوکارہ ہے انہوں نے اداکاری کے شعبے میں جس طرح اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے وہ سب کے سامنے ہیں لیکن جب وہ موسیقی کی جانب آئیں تو انھوں نے باقاعدہ ریاضت کے بعد اس شعبے کو اپنایا اور پھر سر، لے اور تال کا خیال رکھتے ہوئے سچے سروں کے ساتھ خوب انصاف کیا آج مجھے ان کی گائیکی سن کر بہت اچھا محسوس ہوا میری نیک تمنائیں اور دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔

استاد احمد علی خان کا کہنا تھا کہ شاہدہ منی پاکستان کی شان ہے انہوں نے فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میں بہترین کام کیا اسی لیے حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی ایوارڈ سے نوازا جو سب کیلئے باعث فخر ہے۔ فلم رائٹر پرویز کلیم، ہدایت کار حسن عسکری اور الطاف حسین کا کہنا تھا کہ شاہدہ منی جب فلموں میں آئیں تو اس وقت بڑی بڑی نامور اداکارائیں وہاں کام کر رہی تھی لیکن جس طرح سے انہوں نے اپنی صلاحیتوں کے بل پر اپنی جگہ بنائی اس کی مثال کم ملتی ہے لیکن ہمیں یہ ہمیشہ افسوس رہے گا کہ اگر یہ اس وقت میوزک کے شعبے میں کام کرتی تو پاکستان فلم انڈسٹری ایک بہترین آواز سے مستفید ہوتی۔

اداکارہ وگلوکارہ میگھا ، پرفارمرز ماہ نور اور ڈیزائنر بی جی کا کہنا تھا کہ شاہدہ منی پاکستان شوبز انڈسٹری کا ایک انمول رتن ہے۔ انہوں نے فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میں عمدہ کام کرکے جو مثال قائم کی وہ کہیں نہیں ملتی۔ وہ ایک باصلاحیت فنکارہ ، گلوکارہ اور ایک خوبصورت انسان ہے وہ سینئرز کا احترام کرتی ہیں اور اپنے جونیئرز کو بہت پیار دیتی ہیں۔ ان کی یہی ادا ہمیں ہمیشہ بھاتی ہے اور ہم ان کے اور قریب ہوتے چلے جاتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ وہ اسی طرح پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرتی رہیں۔

لاہور آرٹس کونسل کے چیئرمین معروف اداکار توقیر ناصر کا کہنا تھا کہ شاہدہ منی کے ساتھ میرا گہرا رشتہ ہے میں نے جب ٹی وی سے فلم کے بڑے پردے پر قدم رکھا تو میری پہلی ہیروئن شاہدہ منی تھی وہ بہترین فنکارہ اور گلوکارہ ہیں۔ میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں۔ ہم ان کے ساتھ اسی طرح مستقبل میں بھی خوبصورت شام مناتے رہیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔