ایکتاکپورکاشاہ رخ خان کواپنی فلم ونس اپان آ ٹائم ان ممبئی دوبارہ دیکھنے کی اجازت دینے سےانکار

شاہ رخ خان نے فلم ریلیز سے ایک روز قبل ہی اپنے گھر کے تھیٹرروم میں دیکھنے کی اجازت طلب کی تھی۔


ویب ڈیسک August 17, 2013
ایکتا کپور اور شاہ رخ خان میں بھی ان دنوں سرد جنگ جاری ہے۔ فوٹو: فائل

بھارتی فلم میکر ایکتا کپور نے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کو اپنی نئی فلم "ونس اپان آ ٹائم ان ممبئی دوبارہ" ریلیز سے ایک روز قبل ہی دکھانے سے انکار کر دیا۔

بھارتی اخبار کے مطابق شاہ رخ خان ممبئی کی کئی دیگر اہم شخصیات کی طرح سنیما ویوونگ کلب کے ممبر ہیں جو کہ ان شخصیات کو کوئی بھی فلم ریلیز سے ایک روز قبل ہی اپنے گھر کے تھیٹر روم میں دیکھنے کی سہولت فراہم کرتا ہے تاہم فلم کسی بھی شخصیت کو دکھانے سے قبل اس فلم کے پروڈیوسر سے اجازت لینا ہوتی ہے جسے یہ اختیار بھی ہوتا ہے کہ کون شخص اس کی فلم کو دیکھے گا۔

اخبار کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان اور ان کے خاندان کے کچھ دیگر افراد نے اپنے کلب سے ایکتا کپور کی فلم "ونس اپان آ ٹائم ان ممبئی دوبارہ" بھارت میں ریلیز سے ایک روز قبل ہی اپنے دیکھنے کی خواہش ظاہر کی ، اس حوالے سے جب کلب نے ایکتا کپور کی ٹیم کے ایک فرد سے اجازت طلب کی تو اس نے خود اجازت دینے کے بجائے معاملہ ایکتا کپور کی جانب بڑھا دیا۔ اخبار کا مزید کہنا ہے کہ جب ایکتا کپور کو بتایا گیا کہ شاہ رخ خان ان کی فلم کو دیکھنا چاہتے ہیں تو انہوں نے اجازت دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ شاہ رخ خان کو اگر فلم دیکھنے کا شوق ہے تو وہ کل ٹکٹ خرید کر عام افراد کے ساتھ فلم دیکھیں۔

واضح رہے کہ ایکتا کپور اور شاہ رخ خان میں بھی ان دنوں سرد جنگ جاری ہے، رمضان میں ایکتا کپور نے افطار پارٹی کا انعقاد کیا تاہم انہوں نے شاہ رخ خان کو اس میں مدعو نہیں کیا جب کہ شاہ رخ خان نے بھی عید پر دی جانے والی پارٹی میں ایکتا کپور کو دعوت نہیں دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔