مصر میں معزول صدر مرسی کی حمایت پر القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کے بھائی گرفتار
مصر کی سیکیورٹی فورسز نے برطرف صدر محمد مرسی کی حمایت کرنے پر القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کے بھائی محمد الظواہری کو گرفتار کر لیا ہے جب کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ سے 70 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصر میں محمد مرسی کے حامیوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں شدت آگئی ہے، مصری فوج نے قاہرہ میں مظاہرین کی جانب سے فیلڈ اسپتال کے طور پر استعمال کی جانے والی الفتح مسجد میں موجود افراد پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 70 سے زائد مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ سیکورٹی فورسز نے اپنی کارروائیوں میں محمد مرسی کے سینکڑوں حامیوں کوگرفتار بھی کرلیا، گرفتارہونے والوں میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کے بھائی محمد الظواہری بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مظاہرین پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کئے جانے والے آپریشن میں اخوان المسلون سربراہ ڈاکٹر محمد بیدی کے بیٹے عمار بھی ہلاک ہو گئے تھے۔