ایران میں سرعام اسکارف اتارنے والی خاتون کی سزا معاف

وداع موحد کی سزا ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے معاف کی ہے


ویب ڈیسک April 14, 2019
ایران میں چند برسوں میں خواتین کی جانب سے حجاب پہننے کے لازمی قانون کی خلاف ورزی میں تیزی آئی ہے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے احتجاج کے دوران سر عام اسکارف اتارنے والی خاتون کی سزا معاف کردی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں عوامی مقام پر احتجاجاً اسکارف اتارنے والی خاتون کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جسے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے معاف کردیا جس کے بعد ایرانی خاتون کو جلد رہا کردیا جائے گا۔

سزا پانے والی خاتون وداع موحد کے وکیل پیام درفشاں نے میڈیا کو بتایا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے سزا معاف کرنے پر خاتون کی جیل سے رہائی کے لیے بنیادی اقدامات مکمل کیے جا رہے ہیں اور اگلے چند دنوں میں وہ جیل سے رہا کر دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ایرانی خاتون وداع موحد نے گزشتہ ماہ مارچ میں احتجاج کے طور پر عوامی مقام پر اپنا اسکارف اتارا تھا جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا اور ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ وداع موحد کو 2017 میں بھی سرعام حجاب اتارنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور دو سال کی قید کی سزا بھی کاٹی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔