عمران خان خود نااہل اور ان کی ٹیم نالائق ہے ترجمان ن لیگ

اعلان وزیراعظم ہے کہ جوسوال کرے گا اس کی زبان بندی یا وہ جیل میں ڈال دیاجائے گا، ترجمان (ن) لیگ


ویب ڈیسک April 14, 2019
آئینہ توڑنے سے معاشی حالت بہترنہیں ہوگی، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کا مسئلہ ہے کہ وہ خود نااہل اور ٹیم نالائق ہے، اور اپنے نالائق اورنااہل ہونے کاپتہ خود حکو مت کو بھی چل گیا ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات بیرسٹر فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج امریکی فائننس سیکرٹری نے وزیرِ خزانہ اسد عمر سے ملنے سے انکار کیا اور حکومت کو سفارتی سطح پر ناکامی ہوئی، سفارتی سطح پر ہونے والی ناکام سے توجہ ہٹانے کے لئے وزیراطلاعات سے پریس کانفرنس کرائی گئی، عمران خان کیوں آپ اپنی جھوٹ بولنے والی کمپنی سے اپنا اور وزیراعظم کی کرسی کا مذاق اڑواتے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی 3 گْنا بڑھ گئی ہے، یومیہ 16 ارب قرض بڑھا رہا ہے، بجلی 25 فیصد اور گیس 150 فیصد مہنگی ہوگئی ہے، اور جب سوال کیا جائے تو اعلان وزیراعظم ہے کہ جوسوال کرے گا اس کی زبان بندی یا وہ جیل میں ڈال دیاجائے گا، پارلیمان میں سوالوں کے جواب دینے کے ڈر سے پارلیمان کومفلوج کر دیا گیا ہے۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ عمران خان کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ خود نااہل اور ان کی پوری ٹیم نالائق ہے، اپنے نالائق اور نااہل ہونے کا پتہ خود حکو مت کو بھی چل گیا ہے، اب آئینہ توڑنے سے معاشی حالت بہترنہیں ہوگی، اور الزامات لگانے سے آپ اپنی کارکردگی پر پردہ نہیں ڈال سکتے، عوام آپ کے جھوٹ ، ڈھونگ اور ڈرامے سمجھ گئی ہے اب آپ کوجواب دینا ہوگا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان اب آپ وزیراعظم ہیں، وزارت عظمیٰ کے منصب پر بیٹھ کر کینٹینر پر بولے گئے جھوٹ چھوڑ دیں اور اپنی "لائینگ" کمپنی سے جھوٹ نہ بلوائیں، بلکہ شریف خاندان پر کرپشن ثابت کریں جو ثابت نہیں ہو رہی، اور جواب دیں کہ پشاور میٹرو کے ایک کھرب کہاں گئے، آپ نے 28 سال کی عمر میں آف شور کمپنی متعارف کروائی اور بنی گالہ کا بے نامی محل لیا، آپ نے 18 جعلی اکاوٴنٹس سے منی لانڈرنگ کر کے پارٹی کو فنڈ کیا اور الیکشن کمیشن میں جواب نہیں دیتے، جہانگیر ترین نے مالی اور باورچیوں کے نام پر اربوں کی منی لانڈرگ کی اس کا بھی بتائیں، آپ کو ہر سوال کا جواب دینا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔