کابینہ میں تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ترجمان وزیراعظم

وزراء کی تبدیلی وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ہے، میڈیا اس ضمن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے،وفاقی وزیراطلاعات


ویب ڈیسک April 15, 2019
میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ ترجمان - فوٹو: فائل

ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والے خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں تبدیلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ وزیر اعظم وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا جائزہ ہر اجلاس میں لیتے ہیں اور وزراء کے قلمدان تبدیل کرنا وزیر اعظم کی صوابدید ہے تاہم کسی ایک یا دو وزیر کو تبدیل کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔



دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اس خبر کی تردید کی، ان کا کہنا تھا کہ وزراء کی تبدیلی وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ہے، میڈیا اس ضمن میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

واضح رہے کہ میڈیا میں خبریں زیر گردش تھیں کہ وزیر خزانہ اسد عمر سمیت دیگر وزراء کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں