اسامیوں میں شہری سندھ کو نظرانداز کرنے پر کے پی ٹی کا بیان سامنے آگیا

کے پی ٹی نے وفاقی ادارہ ہونے کے ناطے وفاقی حکومت کی طرف سے وضع کردہ کوٹا سسٹم پر من و عن عمل کیا ہے، ترجمان


Business Reporter April 15, 2019
کے پی ٹی کی تمام 221 آسامیوں کے لیے کراچی کے امیدواروں کو نظر انداز کیا گیا ہے (فوٹو: فائل)

کراچی پورٹ ٹرسٹ نے آسامیوں میں شہری سندھ کو نظر انداز کرنے کے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسامیوں کا اشتہار حکومتی پالیسی کے عین مطابق ہے۔

کے پی ٹی ترجمان کے مطابق وفاقی ادارہ ہونے کی حیثیت سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹی فکیشن کے تحت کے پی ٹی میں ملازمتوں کے لیے سندھ کا کوٹا 19 فیصد ہے جس میں شہری سندھ کے لیے 40 فیصد اور دیہی سندھ کے لیے 60 فیصد کوٹا مقرر ہے، کے پی ٹی میں مجموعی طور پر 4155 ملازمین ہیں جن میں سے شہری سندھ کے ملازمین کی تعداد 3617 ہے جو مقررہ کوٹا کے تناسب سے 963 ملازمتوں سے کہیں زیاد ہے۔

ترجمان کے مطابق اس ضمن میں ممبران قومی اسمبلی اور سینیٹ ما ضی میں بھی سوالات اٹھاتے رہے ہیں کہ مختلف علاقائی کوٹے کو حکومتی کوٹا سسٹم کے تحت لایا جائے جس کا بھرتی کے وقت خیال نہیں رکھا گیا ہے، حکومت کی طرف سے مقررہ کوٹا کا مسلسل عدم مساوات سینیٹ اور نیشنل اسمبلی کی مختلف کمیٹیوں اور متصل اداروں میں زیر بحث آتا رہا ہے اسی لیے کے پی ٹی نے وفاقی حکومت کے احکامات کو مدنظراور صوبائی کوٹا سسٹم کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اشتہار دیا تاکہ بھرتیوں کو کوٹے کے مساوی لایا جاسکے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ کے پی ٹی نے وفاقی ادارہ ہونے کے ناطے وفاقی حکومت کی طرف سے وضع کردہ کوٹا سسٹم پر من و عن عمل درآمد کرنا ہے۔

یہ پڑھیں: کراچی پورٹ ٹرسٹ کی اسامیوں کے لیے کراچی کے امیدوار نظرانداز
واضح رہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ ( کے پی ٹی) کی 221 آسامیوں کے لیے کراچی کے امیدواروں کو نظر انداز کرتے ہوئے سندھ کے دیہی علاقوں اور چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کے لیے کوٹہ مخصوص کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں