پشاور میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن 16 گھنٹوں بعد مکمل 5 دہشتگرد ہلاک

دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں اے ایس آئی قمر عالم شہید جبکہ پاک فوج کا ایک جوان اور ایک افسر زخمی ہوگئے، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک April 16, 2019
پولیس نے ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو مقابلہ شروع ہوگیا، وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی، فوٹو: ایکسپریس

FAISALABAD: حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن 16 گھنٹے بعد مکمل کرلیا گیا ہے جب کہ کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

پشاور پولیس نے گزشتہ رات انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر حیات آباد میں واقع 3 منزلہ مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تھی، آپریشن کے دوران مکان میں موجود دہشت گردوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی۔



کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے مزاحمت اور ایک پولیس اہلکار کی شہادت کے بعد آپریشن میں پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈوز بھی شامل ہوگئے، اطراف کی عمارتوں میں موجود عام شہریوں کی جان و مال بچانے کی غرض سے پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے لیے انتہائی احتیاط برتی۔



آپریشن کے دوران علاقے کا مکمل محاصرہ کیا گیا اور کسی بھی شخص کو آپریشن کی جگہ جانے کی اجازت نہیں تھی۔ کارروائی کی نگرانی سی سی پی او پشاور اور ایس ایس پی آپریشن نے کی جب کہ کور کمانڈر پشاور نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ عمارت کلیئر کئے جانے کے بعد عمارت کو دھماکا خیز مواد سے اڑادیا گیا۔



کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ پولیس اہلکار قمر عالم شہید ہوا۔ جس کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں شہید اہلکار کے ورثا کے علاوہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر اور آئی جی خیبر پختونخوا محمد نعیم نے بھی شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں