جعلی اکاؤنٹس کیسآصف زرداری کیخلاف 2 خواتین کی گواہ بننے کی درخواست نیب کو موصول

نورین اور کرن کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواستوں پر کارروائی ابھی مکمل نہیں ہوئی، نیب پراسیکیوٹر


ویب ڈیسک April 16, 2019
جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی فوٹو: فائل

جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب کو کیس میں 2 ملزم خواتین کی جانب سے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت کی۔ آصف زرداری اور فریال تالپور دوسری مرتبہ عدالت میں پیش ہوئے۔ تاہم دونوں حاضری لگوانے کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔

اس موقع پر احتساب عدالت میں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے، جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر پولیس کے 1500 جوان تعینات تھے۔ کسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو احتساب عدالت کے احاطے میں آنے کی اجازت نہیں تھی۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے عدالت کو بتایا کہ دو خواتین ملزمان نورین اور کرن کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست نیب کو ملی ہے، دونوں کی درخواستوں پر ضابطے کی کارروائی ابھی مکمل نہیں ہوئی۔

'اکاؤنٹس سے آصف زرداری کا کوئی تعلق نہیں'

سماعت سے قبل آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس سے آصف زرداری کا کوئی تعلق نہیں ہے، جسے وعدہ معاف گواہ بننا ہے بن جائے، ہم کسی کے وعدہ معاف گواہ بننے کی مخالفت نہیں کریں گے اور ہم جرح کریں گے۔

فریال تالپور کی ایک اور درخواست ضمانت

دوسری جانب فریال تالپور نے نیب کی جانب سے جاری کئے گئے نئے نوٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ فریال تالپور کی درخواست میں استدعا گئی ہے کہ جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے انہیں 17 اپریل کو طلب کیا ہے، خدشہ ہے کہ نیب گرفتار نہ کرلے اس لئے عبوری ضمانت دی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں