میرے لیے سنجیدہ کردار نبھانا آسان ثابت نہیں ہوا کرتیکا سینگار

" ساس بھی کبھی بہو تھی‘‘ میں کرتیکا نے مختصر لیکن جان دار کردار نبھایا تھا


Farooq Aslam August 26, 2012
پنر وواہ میں میرے رول میں پرفارمینس کی بہت گنجائش ہے، میری کوشش ہے کہ میں زندگی کی تلخ حقیقتوں اور ایک اہم مسئلے پر بُنی گئی اس کہانی میں اپنی اداکاری سے جان ڈال دوں اور شاید میں اس میں کافی حد تک کام یاب بھی ہوئی ہوں۔ فوٹو: فائل

اسٹار پلس کا سوپ ''کسوٹی زندگی کی'' سپرہٹ ثابت ہوا۔ اس ڈرامے سے جُڑے فن کاروں نے بھی خوب شہرت پائی اور کئی کردار آج بھی ناظرین کے ذہن پر نقش ہیں۔ ان میں ایک ''پریرنا انورگ'' کا کردار بھی تھا جسے کرتیکا سینگار نے نبھایا۔ یہ توانا اور زندگی سے بھرپور لڑکی تھی جس نے کہانی میں جان ڈال دی۔ یہ مضمون کرتیکا کی نجی زندگی اور ٹیلی ورلڈ میں اس کی مصروفیات سے متعلق ہے۔

ان دنوں یہ اداکارہ ٹیلی ورلڈ میں سیریل ''پنر وواہ'' کے سلسلے میں مصروف نظر آرہی ہے۔ زی ٹی وی کے اس شو میں وہ ''آرتی'' نامی ایک بیوہ عورت کا کردار ادا کر رہی ہے جو دوسری شادی کرتی ہے۔ اس شو میں اداکارہ کے ساتھ چھوٹی اسکرین کا منجھا ہوا اداکار گرمیت چوہدری ''یش'' کا کردار نبھا رہا ہے۔ زی ٹی وی کا یہ شو ناظرین کی توجہ حاصل کر چکا ہے۔ اداکارہ کے مطابق،''یہ ایک ایسا کیریکٹر ہے جس میں پرفارمینس کی بہت گنجائش ہے۔ ایسے کردار ہمارے سماج میں عام ہیں۔ میری کوشش ہے کہ میں زندگی کی تلخ حقیقتوں اور ایک اہم مسئلے پر بُنی گئی اس کہانی میں اپنی اداکاری سے جان ڈال دوں اور شاید میں اس میں کافی حد تک کام یاب بھی ہوں۔''

یہ حقیقت ہے کہ وہ اس کردار کو نہایت خوبی سے نبھا رہی ہے اور ناظرین میں پسندیدگی کے ساتھ وہ ٹیلی ورلڈ کے ناقدین کی توجہ بھی حاصل کر چکی ہے۔ اس اداکارہ نے ماضی میں بھی کئی کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرا ہے۔ ''کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی'' میں کرتیکا نے مختصر، لیکن جان دار کردار نبھایا تھا۔ وہ اس شو میں ''سانچی'' کے روپ میں جلوہ گر تھی۔

ٹی وی چینل نائن ایکس نے ''کیا دل میں ہے'' شروع کیا تو اسے ''نینا'' کا کردار سونپا گیا جو اس نے نہایت عمدگی سے نبھایا۔ اس کے بعد بالاجی کے بینر تلے پیش کیے گئے ریالٹی شو ''کون جیتے گا بولی وڈ کا ٹکٹ'' میں اِسے پرفارم کرنے کا موقع ملا۔ یہ اس کے کیریر کے بہترین ڈرامے ثابت ہوئے جب کہ ''جھانسی کی رانی'' وہ ڈراما تھا جس میں اداکارہ کو ''لکشمی رانی'' کا ٹائٹل رول ملا اور اس نے ثابت کیا کہ پروڈیوسر کا انتخاب درست تھا۔ اس شو نے ایک مرتبہ پھر اسے ناظرین کی توجہ کا مرکز بنایا۔

ہندوستان کے شہر کانپور میں اس کا بچپن گزرا، تاہم چھوٹی اسکرین پر کام کرنے کی غرض سے اداکارہ کو ممبئی آنا پڑا اور اب یہیں اس کے روز و شب گزر رہے ہیں۔ اپنے بارے میں اس نے بتایا،''میری تاریخ پیدائش تین، جولائی 1985 ہے۔ میں شوخ مزاج اور چلبلی لڑکی ہوں۔ کبھی ایک جگہ ٹک کر نہیں بیٹھتی۔ مجھے زندگی میں ہنگامہ پسند ہے۔''

دہلی وہ شہر ہے جہاں ایک یونی ورسٹی سے اس نے گریجویشن کیا۔ اداکاری کی طرف آنے سے پہلے وہ ایک ایڈورٹائزنگ ایجنسی میں ملازمت کرتی تھی۔ اس کے بقول وہ اپنا بوجھ خود اٹھانا چاہتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اپنی تعلیم اور قابلیت کے سہارے پیشہ ورانہ زندگی شروع کی۔

اپنی شرارتوں اور شوخیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتاتی ہے،'' میں نے کالج کے زمانے میں اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر خوب ہلہ گلہ کیا اور بے ضرر شرارتیں بھی کیں۔ کالج میں میری دوستی سوگند ملہوترا سے ہوئی جو آج تک قائم ہے۔ وہ میرا بیسٹ فرینڈ ہے۔ ہم کالج کی کینٹین سے ادھار چائے پیتے، سموسے کھاتے اور پھر لوٹانے کا وقت آتا تو میں بھاگ جاتی اور سوگند اپنی جیب سے رقم ادا کرتا۔ کبھی وہ بھی مجھ سے ہاتھ کر جاتا تھا، لیکن زیادہ تر وہی پھنستا تھا۔''

اداکارہ خوش مزاج ضرور ہے، لیکن نئے لوگوں سے میل جول بڑھانے اسے وقت لگتا ہے۔ وہ ہر ایک کی طرف دوستی کا ہاتھ نہیں بڑھاتی اور نہ ہی تھامتی ہے۔ اس احتیاط کے برتنے کی کوئی خاص وجہ نہیں اور اداکارہ کے بقول یہ اس کا مزاج ہے۔ وہ شادی کے بندھن کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ دو افراد کے درمیان جڑنے والا یہ تعلق بدترین حالات میں حوصلہ بڑھاتا اور پُرامید رہنے کا سامان کرتا ہے۔

یہ اداکارہ فلمی دنیا کے رنبیر کپور کو بے حد پسند کرتی ہے اور اس کے ساتھ ڈنر کرنا اس کی سب سے بڑی خواہش ہے۔ یہ معاملہ فقط رنبیر کی ظاہری شخصیت سے متاثر ہونے کا نہیں بلکہ وہ اس کی پرفارمینس کی معترف بھی ہے۔ ہالی وڈ سے جارج کلونی اور ٹام کروز کی مداح ہے جب کہ انجلینا جولی بھی اس کی فیورٹ ہیں۔ میوزک سننے کا معاملہ اس کے موڈ پر منحصر ہے، لیکن زیادہ تر رومانٹک سونگ سنتی ہے۔

یہ نٹ کھٹ سی لڑکی کارٹون بہت شوق سے دیکھتی ہے۔ کہتی ہے اگر اُسے فلم اور کارٹون میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو وہ کارٹون دیکھے گی۔ ''پاپائے'' اس کا پسندیدہ کارٹون کیریکٹر ہے۔ کرتیکا مثبت طرزِ فکر کی حامل ایسی اداکارہ ہے جس کا کیریر اسکینڈلز سے بدنما نہیں ہوا اور اس نے اپنی توجہ ٹیلی نگری میں خود کو منوانے پر مرکوز کر رکھی ہے۔ اس نے اپنے پرستاروں میں شامل نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے نام پیغام میں کہا کہ وہ بری صحبت سے دور رہتے ہوئے پڑھائی اور اپنے کام پر توجہ دیں۔ محنت اور لگن سے اپنا مستقبل روشن بنائیں اور اپنے والدین کا بہت زیادہ خیال رکھیں کہ ان کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کی وجہ سے کوئی مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں