لاہور میں قبر سے بچے کی میت نکال کر بھیک مانگنے والا ملزم گرفتار

بچے کی تدفین کی ریکی کرتے ہوئے ملزم نے موقع ملتے ہی قبر کھود ڈالی اور میت نکال کر بھیک مانگنا شروع کردی


نعمان شیخ April 16, 2019
بچے کی میت چرانے والا ملزم (فوٹو: ایکسپریس)

لاہور: قبرستانوں میں اب میتیں بھی محفوظ نہ رہیں، لاہور میں ایک ملزم نے قبر سے نومولود بچے کی لاش نکال کر بھیک مانگنا شروع کردی جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں زندہ تو کیا اب مُردوں کا تحفظ بھی خطرے میں پڑگیا، بادامی باغ پولیس نے قبر کھود کر نومولود کی میت نکالنے والے ایک بھکاری الیاس کو گرفتار کیا جو میت تھامے ایک چوک میں بھیک مانگ رہا تھا، ملزم کو شک کی بناء پر چیک کیا تو کہانی کچھ اور ہی نکلی۔

میت شہری شجاع الرحمان کے نومولود بیٹے کی تھی، شجاع الرحمان کے ہاں 7 سال بعد بیٹا پیدا ہوا تھا جو چند گھنٹوں بعد ہی انتقال کر گیا، بچے کی تدفین کی ریکی کرتے ہوئے ملزم نے موقع ملتے ہی قبر کھود ڈالی اور میت نکال کر بھیک مانگنا شروع کر دی۔

پولیس نے نومولود کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ بچے کی میت ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔

بچے کے والد شجاع الرحمان کی تصویر جس کے ہاں 7 سال بعد بیٹا پیدا ہوا اور چند گھنٹے بعد انتقال کر گیا

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔