میئر نے درخت کاٹنے والوں کیخلاف ’’اعلان جنگ‘‘ کر دیا

فاطمہ جناح روڈ پر 50 سال پرانا درخت کاٹنے پر وسیم اختر کا درخت کاٹنے والوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرانے کا حکم


Staff Reporter April 17, 2019
 فٹ پاتھ پر درخت سرکار کی ملکیت ہے، مکان مالک گھر کے سامنے فٹ پاتھ پر سے درخت نہیں کاٹ سکتا،میئر۔ فوٹو: ایکسپریس

فاطمہ جناح روڈ پر 50 سال پرانا درخت کاٹنے پرمیئر کراچی وسیم اختر نے درخت کاٹنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا حکم دے دیا۔

منگل کی شام فریئر ہال کے سامنے فاطمہ جناح روڈ پر اسٹاف لائن مکان نمبر235 کی فٹ پاتھ پر مزدور 50 سال پرانا درخت کاٹ رہے تھے، میئرکراچی وسیم اختر اور میٹروپولیٹن کمشنر سیف الرحمن جو اس وقت ڈائریکٹر پارکس کے دفتر سے اجلاس ختم کرکے باہر آئے تو تناور درخت کٹا ہوا دیکھ کر پریشان ہوگئے۔

میئر نے کہا کہ ہم درخت لگانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور باہر 50 سال پرانا درخت کاٹ دیا گیاوہ موقع پر پہنچے تو مزدوروں نے بتایا کہ مالک مکان نے درخت کاٹنے کا کہا جس پر میئر کراچی اور میٹروپولیٹن کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور پارک کے عملے کو طلب کرکے مالک مکان کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی ہدایت کی اور کاٹے گئے درخت کی لکڑی کو ضبط کرلیا۔

اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ فٹ پاتھ پر درخت سرکار کی ملکیت ہے کوئی بھی مکان مالک گھر کے سامنے فٹ پاتھ پر سے درخت نہیں کاٹ سکتا،شہری درختوں کی حفاظت کریں، 50 سال پرانا درخت کاٹنا بہت بڑا ظلم ہے ،ایسے افراد کو معاف نہیں کیاجاسکتا جو درختوں کو بے دردی سے کاٹتے ہیں اور اس پر شرمندہ بھی نہیں ہوتے اگر لوگوں کو درخت کاٹنے کی اسی طرح آزادی دی گئی تو شہر میں ایک درخت بھی باقی نہیں رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں