شعیب ملک ٹیم کے ’’غیر اعلانیہ‘‘ نائب کپتان ہونگے

اگرکسی ورلڈکپ میچ میں سرفرازکی خدمات حاصل نہ ہوئیں تو قیادت کرنا ہوگی۔

اگرکسی ورلڈکپ میچ میں سرفرازکی خدمات حاصل نہ ہوئیں تو قیادت کرنا ہوگی۔ فوٹو: فائل

ورلڈکپ میں شعیب ملک پاکستانی ٹیم کے ''غیراعلانیہ'' نائب کپتان ہوں گے۔

پی سی بی نے تاحال ورلڈکپ میں کسی کو نائب کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ نہیں کیا،ذرائع کے مطابق شعیب ملک کو غیراعلانیہ طور پر یہ ذمہ داری سونپی جائے گی، دورئہ جنوبی افریقہ میں جب سرفراز احمد پرپابندی عائد ہوئی تو آل راؤنڈر نے ہی قیادت سنبھالی تھی۔

چوتھے ون ڈے میں فتح کے بعد پانچویں میں ٹیم کو شکست ہوئی جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-2سے ناکامی ہاتھ آئی،یو اے ای میں آسٹریلیا سے سیریز میں جب سرفراز احمد کو آرام دیا گیا تب بھی شعیب ملک کو ہی کپتان مقرر کیا گیا، مگر ابتدائی تینوں میچز میں ناکامی کے بعد وہ انجرڈ ہو گئے اور بقیہ دونوں مقابلوں میں عماد وسیم نے ذمہ داری سنبھالی۔


گزشتہ دنوں کرکٹ حکام نے نائب کپتان کے تقرر پر غور کیا تاہم تاحال اعلان پر اتفاق نہیں ہوا، سرفراز احمد اگر کسی وجہ سے کوئی میچ نہ کھیل پائے تو شعیب ملک قیادت کریں گے۔ البتہ اس بات کا امکان کم ہے کہ جمعرات کو جب اسکواڈ کا اعلان کیا جائے تو ان کے نام پر نائب کپتان درج ہو، اس سے قبل 2015کے ورلڈکپ میں بھی باضابطہ طور پر کسی کو مصباح الحق کا نائب مقرر نہیں کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بورڈ حکام مستقبل میں کسی نوجوان کرکٹر کو نائب کپتان بنا کر گروم کرنے پر غور کر رہے ہیں، البتہ ورلڈکپ جیسے ایونٹ میں ضرورت پڑنے پر شعیب ملک کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ آل راؤنڈر میگا ایونٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کافی پہلے اعلان کر چکے ہیں، وہ اپنے آخری ٹورنامنٹ کو عمدہ کارکردگی سے یادگار بنانا چاہتے ہیں مگر حالیہ فارم اتنی اچھی نظر نہیں آ رہی۔
Load Next Story