جس نئے پاکستان کا آغاز کرنا چاہتے ہیں وہ خیبرپختونخوا سے شروع ہو گا عمران خان

جب تک گاؤں کی سطح پر عوام کو اختیارات نہیں دیئے جائیں گے ملک کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے، عمران خان


ویب ڈیسک August 18, 2013
پنجاب میں غیر سیاسی بلدیاتی انتخابات کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کریں گے،عمران خان. فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ ایک ماہ کے اندر اندر عوام کو نیا خیبر پختونخوا نظر آئے گا اور ہم جس نئے پاکستان کا آغازکرنا چاہتے ہیں وہ خیبر پختونخوا سے شروع ہو گا۔

پشاور میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا کے حالات بدل کر دکھائیں گے اور سب سے پہلے خیبر پختونخوا میں احتساب کا عمل شروع کر رہے ہیں جس کے تحت کرپشن کرنے والے بڑے بڑے مگر مچھوں کو پکڑ کر دکھائیں گے اور اب کسی کو ناجائز طریقے سے ڈیزل کے پرمٹ لینے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ الیکشن جیتوانے پر پشاور کے عوام کے شکر گزار ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میرا یہ ماننا ہے کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے جو دوسری زندگی دی ہے وہ اس لئے دی ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے زریعے نیا خیبر پختونخوا بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بھی دن آئے گا جب پاکستان کے جوان اور بزرگ ملک بھر میں پاکستانی پاسپورٹ لے کر جائیں تو ان کی عزت کی جائے اور ایسا بھی دن آئے کہ لوگ پاکستان میں نوکریاں ڈھونڈنے کے مقصد سے آئیں گے۔

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ اپنے صوبے میں ہم سرمایہ کاری باہر سے لے کر آئیں گے، ہر تحصیل میں کھیلوں کا اسٹیڈیم بنایا جائے گا تاکہ ہمارے نوجوانوں کو شاہد آفریدی بننے کا موقع ملے، انہوں نے کہا کہ میں شاہد آفریدی کوخیبر پختونخوا لاؤں گا تاکہ وہ نوجوانوں کی تربیت کر سکیں، ہم تعلیم میں نصاب اور اسپتالوں کا نیا نظام لائیں گے اور لوگوں کو اسپتالوں میں دوائیاں مفت دستیاب ہوں گی۔

اس سے قبل کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی دھاندلی میں ریٹرننگ آفیسرز ملوث ہیں اور 21 اگست کو تمام حقائق سامنے لائیں گے، عام انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی اور یہ دھاندلی ریٹرننگ افسران نے کی جسے منظر عام پر لانے کے لئے 21 اگست کو وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا جس میں تمام دھاندلی کی تفصیلات اور شواہد پیش کئے جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا کے ہر مہذب معاشرے میں بیوروکریسی کا کام عوام کے منتخب نمائندوں کی معاونت کرنا ہے۔ جب تک گاؤں کی سطح پر عوام کو اختیارات نہیں دیئے جائیں گے ملک میں جمہوری نظام مضبوط اور مسائل حل نہیں ہوں گے، اس سلسلے میں خیبر پختونخوا میں لایا جانے والا نظام ملک بھر کے لئے مثال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر سیاسی بلدیاتی انتخابات کرانا ناقابل قبول ہے ایسے ہتھکنڈے ماضی میں آمر سیاسی لوگوں کو انتخابات سے دور رکھنے کے لئے استعمال کرتے تھے ۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا دہشتگردی کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے وہاں کی صنعت اور معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ وہ اپوزیشن کے باوجود دہشت گردی کے خلاف جنگ میں وفاق کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں