حکومت نے ذمہ داریوں سے شترمرغ کی طرح منہ چھْپا لیا ہے بلاول بھٹو زرداری

لگتا ہے کہ وزیراعظم کو بولا گیا ہے کہ اگر وہ غریبوں سے رابطے میں رہیں گے تو قرضے نہیں ملیں گے، بلاول بھٹو زرداری


ویب ڈیسک April 17, 2019
بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے، بلاول بھٹو: فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے ذمہ داریوں سے شترمرغ کی طرح اپنا سرریت میں چھْپا لیا ہے۔

حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر بلاول بھٹو زرداری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش سے شدید متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے جب کہ آباد کاروں اور کسانوں کے لئے اسپیشل پیکیج کا اعلان کیا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئی ایم ایف کے استقبال کی تیاریوں میں مصروف بے نامی وزیراعظم عوام سے جھوٹ موٹ کا رابطہ رکھنے کے لیے بھی تیار نہیں، عمران خان نیازی کو نا تو دہشت گردی کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کی سسکیاں سنائی دیتی ہے اور نا ہی بارشوں کے متاثرہ لوگوں کی آہ و فغاں، لگتا ہے کہ وزیراعظم کو بولا گیا ہے کہ اگر وہ غریبوں سے رابطے میں رہیں گے تو قرضے نہیں ملیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مخالفین کے خلاف صبح و شام آگ اْگلنے میں مصروف وزراء کے منہ میں بھی بارش متاثرین سے ہمدردی کے لیے دو الفاظ نہیں اور سلیکٹڈ حکومت نے اپنی ذمہ داریوں سے شترمرغ کی طرح اپنا سرریت میں چھپا لیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں