نیٹ ورکنگ۔۔۔۔۔۔۔

دوسروں سے اچھے تعلقات بنائیں اور انہیں قائم رکھیں


عاطف مرزا August 18, 2013
اپنے علم اور تجربے سے دوسروں کی مدد درحقیقت اپنے لئے کامیابیاں سمیٹنا ہے۔ فوٹو: فائل

جب آپ اکیلے چلتے ہیں، تو آپ کے حصے میں ناکامی آتی ہے، جب آپ دوسروں کو بھی ساتھ ملاتے ہیں، تو آپ کامیابی حاصل کر لیتے ہیں اور اسی کو نیٹ ورکنگ کہا جاتا ہے۔

نیٹ ورکنگ آپ کے دوستوں کا حلقہ یا سرکل (Cirlce) ہے، ایسا سرکل جس میں کچھ لوگ آپ کی رضا کارانہ مدد اور رہنمائی کرتے ہوں اور کچھ ایسے ہوں جن کی آپ مدد اور رہنمائی کر رہے ہوں۔ نیٹ ورکنگ لوگوں سے اچھے تعلقات بنانے اور انہیں قائم رکھنے کا نام ہے۔ اگر آپ ایک اچھا نیٹ ورک بنا لیتے ہیں تو یہ آپ کی ذاتی زندگی' اچھی ملازمت کے حصول' کیریئر میں ترقی یا بزنس میں اضافے کے لئے آپ کا قیمتی اثاثہ بن جاتا ہے۔

اچھی نیٹ ورکنگ کا پہلا اصول ہے کہ یہ خود غرضی پر مبنی نہ ہو۔ آپ خود کو بہتر بنانے اور دوسروں کو بہتر بنانے کی حقیقی خواہش رکھتے ہوں۔ جہاں آپ دوسروں سے اپنی ترقی اور کامیابی کے لئے مدد اور رہنمائی چاہتے ہوں وہیں آپ دوسروں کے لئے بھی مفید بنیں اور ان کی زندگی میں کسی ویلیو (Value) کا اضافہ کریں۔ اچھے تعلقات یا نیٹ ورکنگ سے آپ کیسے فائدہ اٹھاتے ہیں؟ اس کی ایک نمایاں مثال معروف مصنف کیتھ فیرازی ہے اس نے نیٹ ورکنگ پر اپنی کتاب میں اپنے دلچسپ تجربات کا ذکر کیا۔ اس میں مصنف نے اپنے تعلقات کے بارے میں ایک بڑی خوبصورت بات لکھی ہے، وہ کہتا ہے کہ میرے موبائل میں سینکڑوں لوگ ایسے ہیں کہ جنہیں میں کال کروں تو وہ میری کال سنیں گے اور وہ اپنے علم' دانائی' مہارت' حوصلہ افرائی' مدد' محنت اور توجہ سے میرے لئے آسانیاں پیدا کریں گے۔ کامیاب لوگوںکی ایک خوبی یہ ہوتی ہے کہ ان کے پاس قابل اعتماد باصلاحیت' ذہین' حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرنے والے (Inspirational) لوگوں کا سرکل ہوتا ہے۔

کامیاب لوگ انہی کی مدد سے ترقی کرتے ہیں۔ کامیابی کے لئے ایسی نیٹ ورکنگ بڑی اہم ہے۔ ہم اکثر سیلف میڈ کا لفظ سنتے ہیں حقیقت یہ ہے کہ ہم دوسروں کی مدد کے بغیر ترقی نہیں کرتے۔ ہمیں بنانے میں بہت سے دوسرے لوگ شامل ہوتے ہیں۔ کوئی بھی شخص جس نے ہمارے لئے کوئی چھوٹا سا اچھا کام کیا ہوتا ہے یا ہماری حوصلہ افزائی کے لئے کچھ بولا ہوتا ہے وہ ہماری سوچ اور ہماری کامیابی میں معاون ہوتا ہے۔ نیٹ ورکنگ میں آپ اپنے لئے اچھے رول ماڈل' رہنما ایکسپرٹ' استاد اور کوچ ڈھونڈتے ہیں اور اپنے لئے کامیابی کا راستہ آسان بناتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ خود بھی کوچ (Coach) اور استاد بنتے ہیں اور دوسرے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔ نیٹ ورکنگ سے آپ سیکھنے اور سکھانے والے بنتے ہیں۔



ایمر سن کا کہنا ہے کہ میں جس شخص سے بھی ملتا ہوں وہ مجھ سے بہتر (Superior) ہوتا ہے۔ وہ اس لئے کہ میں اس سے کچھ نہ کچھ سیکھ سکتا ہوں۔ کامیاب لوگ بھی یہی خوبی اپناتے ہیں اور سیکھنے کو شامل رکھتے ہیں، جن سے وہ کچھ سیکھ سکیں۔ اسی نیٹ ورکنگ کا دوسرا رخ یہ ہے کہ آپ دوسروں کے لئے استاد (Mentor) بنیں اور اپنے علم اور تجربے سے دوسروں کو فائدہ دیں۔ آپ کی تھوڑی سی رہنمائی بھی کسی کے لئے بہت قیمتی ہو سکتی ہے۔ ایک دلچسپ سروے میں لوگوں سے پوچھا گیا کہ کالج کے دنوں میں ان کے سب سے قیمتی لمحات کونسے تھے تو ان میں سے بعض کا کہنا تھا کہ ان کے لئے وہ لمحات سب سے قیمتی تھے جب ان کو سراہا گیا تھا، ان کی تعریف کی گئی تھی یا ان کی حوصلہ افزائی کی گئی تھی اور یہی وہ لمحے تھے جنہوں نے ان لوگوں کو کامیابی میں مدد دی تھی۔

آپ جب دوسروں کے لئے رہنما ( mentor) بننے کا فیصلہ کریں گے تو آپ کے ذہن میں یقینا کچھ خیالات (ideas) آ جائیں گے۔ جسے آپ اپنے شعبے میں نئے آنے والوں کی رہنمائی کر سکتے ہیں یا انہیں انٹرن شپ حاصل کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔کچھ عرصہ قبل ایک بھارتی بزنس مین ایک سیمینار میں اپنی کامیابی کے راز بتا رہا تھا۔ حاضرین میں زیادہ تر لوگ نوجوان تھے جو جلد اپنی عملی زندگی میں قدم رکھنے والے تھے۔ نوجوان بزنس مین نے سیمینار کے اختتام پر حاضرین سے ایک دلچسپ اور انوکھا وعدہ لیا۔ نوجوان نے ان سے کہا کہ آج آپ میں سے ہر کوئی خواب دیکھ رہا ہے اور اس کی تعبیر میں مدد کے لئے یہاں آیا ہے۔ ایک وقت آئے گا جب آپ زندگی میں بہت کچھ حاصل کر لیں گے۔ اس وقت آپ ضرور پیچھے مڑ کر دیکھیں اور ان لوگوں کی مدد کریں جو اپنا سفر شروع کر رہے ہونگے۔

آگے بڑھنے کے مواقع بھی ان لوگوں کو زیادہ ملتے ہیں جو زندگی میں واضح گولز(Goals) رکھتے ہوں۔ سازگار ہوا انہیں میسر آتی ہے جو اپنی سمت کے بارے میں واضح ہوں۔ جب ہمیں پتا ہو کہ ہم کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں کیا بننا چاہتے ہیں۔ جب ہم وہ کام کرتے ہوں جو ہمیں پسند ہو جو ہمارا شوق (Passion) ہوں تو ہمارا نیٹ ورک ہمارے لئے زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔ اچھا نیٹ ورک بنانے سے آپ کو اپنے کاموں پر فیڈبیک ملتی ہے اور اس سے آپ اپنے کام کو زیادہ بہتر بنا سکتے ہیں۔ نیٹ ورک سے آپ کو دوسرے لوگوں کی رائے سننے کو ملتی ہے۔ یہاں سے آپ کو اپنے پڑھنے والے (readers)' ناقدین' کسٹمرز انویسٹرز (investors) اور ہم خیال ملتے ہیں۔ اکثر ہمارے پاس علم ہوتا ہے لیکن ہم فیصلے کرنے میں بُرے ہوتے ہیں۔ ہم اس علم کا اپنے اوپر اطلاق نہیں کرتے۔



جیسے آپ صحت کے اصولوں سے آگاہ ہیں تو یہ ایک اچھی بات ہے مگر آپ ان پر عمل کتنا کرتے ہیں؟ نیٹ ورک کا ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو ایک ایسا ماحول بھی ملتا ہے جہاں آپ کے لئے اچھے فیصلے کرنا بھی آسان ہو جاتا ہے مخلص دوست آپ کو مثبت لائف اسٹائل اپنانے میں مدد دیتے ہیں۔ آپ کے ساتھ چلتے ہیں، آپ کو یاد دہانی کراتے ہیں مشورے دیتے ہیں اور آپ کی ترقی سے خوش ہوتے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے آپ اپنے نیٹ ورک میں اضافہ کر سکتے ہیں اور اسے زیادہ مؤثر بنا سکتے ہیں۔ آج سوشل میڈیا نے ایک سماجی انقلاب (revolution) پیدا کر دیا ہے۔ یہاں آپ کو اپنے شعبے کے ایکسپرٹ بھی مل سکتے ہیں اور ایسے لوگ بھی مل سکتے ہیں جن کی آپ رہنمائی کر سکیں۔ اپنا نیٹ ورک یا سرکل بڑھانے کے لئے دلچسپ بنیں اور اپنی ذاتی کشش میں اضافہ کریں۔

سافٹ ویئر کی دنیا میں ایک اصطلاح استعمال کی جاتی ہےGarbage out,Garbage in اس طرح آپ جو کچھ ذہن میں ڈالتے ہیں وہی اس سے باہر نکلتا ہے۔ عام لوگوں کی گفتگو محض کھیل' ٹی وی اور کرنٹ افیرز تک محدود ہوتی ہے۔ اچھی کتابیں پڑھیں اس سے آپ کامیاب لوگوں کے بارے میں جانیں گے اس سے آپ چیزوں کے مثبت پہلو دیکھنا سیکھیں گے اور مایوسی اور بے عملی سے باہر نکلیں گے۔ شکوہ شکایت کو اپنی عادت نہ بنائیں حب لوگوں میں بیٹھیں تو مایوسی کی باتوں کے بجائے امید کی روشنی پھیلائیں۔ صرف اپنے شعبے میں محدود ہو کر نہ رہ جائیں، دوسرے شعبوں کے لوگوں سے بھی ملیں۔ سماجی بھلائی کے منصوبوں سے بھی جڑیں' رضا کارانہ کام کو موقع ملے تو اسے بھی قبول کریں، اس سے آپ کے سرکل میں اضافہ ہو گا اور آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔

ایک کامیاب سافٹ ویئر انجینئر بتا رہے تھے کہ انہوں نے اپنی عملی زندگی کا آغاز ایک سماجی تنظیم کے لئے رضا کارانہ کام سے کیا۔ ان کے باقی دوستوں کا خیال تھا کہ مفت میں کام کرنا پڑے گا جس کا کوئی فائدہ نہیں ملے گا، لیکن وہ دوست غلط ثابت ہوئے سافٹ ویئر انجینئر نے رضا کارانہ کام کیا۔ یہیں سے انہیں اچھے دوست بھی ملے اور سافٹ ویئر کا اچھے معاوضے والا کام بھی۔ لکھنے اور بولنے کی صلاحیتیں بھی دو ایسی خوبیاں ہیں جن سے آپ اپنے نیٹ ورک میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ لکھنے کا موقع ملے تو اس سے ضرور فائدہ اٹھائیں اور اپنے دوستوں میں اضافہ کریں۔ اسی طرح کسی تقریب میں تقریر کا موقع ملے تو ضرور کریں اس سے آپ اپنے (interests) لوگوں سے شیئر کر سکتے ہیں۔

نیٹ ورکنگ کی روح یہی ہے کہ لوگوں کو اہم سمجھیں انہیں کبھی بھی حقیر نہ جانیں اور نہ کسی کو بے عزت کریں' موقع ملے تو لوگوں کے بارے میں ہمیشہ کوئی اچھی بات کریں انہیں سراہیں اور تعریف کریں۔ ہمیشہ لوگوں میں چھپے پوٹینشل پر نظر رکھیں۔ ویزا (Visa) کمپنی کا بانی ڈی ہاک ایک خوبصورت طرز عمل کی بات کرتا ہے وہ کہتا ہے کہ لوگوں کے ان رویوں کی فہرست بنائیں جن کا سامنا آپ کو کرنا پڑا ہو، جو آپ کو برے لگے ہوں۔ آپ کبھی کسی کے ساتھ وہ رویہ اختیار نہ کریں۔ پھر لوگوں کے ان رویوں کی فہرست بنائیں جو آپ کو اچھے لگتے ہوں ہمیشہ دوسروں کے ساتھ ایسا ہی رویہ رکھیں۔ یہ طرز عمل آپ کے نیٹ ورک میں اضافے کا باعث بنے گا۔ جو لوگ اپنے علم صلاحیتوں وسائل اور تجربے سے دوسروں کی رضا کارانہ مدد کے لئے تیار رہتے ہیں وہ اپنے لئے ہی کامیابی کے امکانات روشن کر لیتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |