بھارت کی منتیں نہیں کریں گے کہ ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلے احسان مانی

کرکٹ بورڈ کے جو فیصلے پہلے ہوچکے ہیں وہ تبدیل نہیں ہوں گے، چیئرمین پی سی بی


ویب ڈیسک April 17, 2019
علاقائی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینا چاہتے ہیں،احسان مانی۔ فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ بھارت سے منتیں نہیں کریں گے کہ وہ ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلے اگر وہ نہیں کھیلنا چاہتے تو نہ کھیلے۔

پی سی بی کی گورننگ باڈی کے اجلاس اور اکبربگٹی اسٹیڈیم کے دورہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں اصلاحات کوکوئی نہیں روک سکتا اور نہ ہی کرکٹ بورڈ کوکوئی ہائی جیک کیاجاسکتا، مجھے خوشی ہے کہ کوئٹہ میں میٹنگ رکھی گئی بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات ہوئی ایجنڈے پر 5 ممبران کی جانب سے 6 نکاتی قرار داد پیش کی گئی میں آج کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ کو آگے لیجا نے کیلئے اچھی اور تعمیری بحث کی توقع کر رہا تھا مگر بلوچستان سے نمائندے نے بھی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں آنے سے انکارکر دیا۔

احسان مانی نے کہا کہ بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ کے لئے وزیر اعلی بلوچستان سے بات چیت ہوئی ہے، علاقائی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینا چاہتے ہیں، کرکٹ بورڈ کے جو فیصلے پہلے ہوچکے ہیں وہ تبدیل نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے منتیں نہیں کریں گے کہ وہ ہمارے ساتھ کرکٹ کھیلے اگر وہ نہیں کھیلنا چاہتے تو نہ کھیلے۔

دوسری جانب ناراض اراکین کے صدر سیالکوٹ ریجن محمد نعمان بٹ نے میڈیا سے بات چیت کے دورن کہا کہ پچھلے اجلاس میں تجویز رکھی گئی تھی جب کہ ایم ڈی اور اسٹریکچر تبدیلی کی منظوری آج کے اجلاس میں ہونی تھی، کرکٹ بورڈ کے آئین میں ایم ڈی کی گنجائش نہیں، ہم نے گورننگ باڈی کے اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کیا اکثریت سے ایجنڈے کو مسترد کردیا ہے۔

نعمان بٹ نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کا رویہ ڈکٹٹرشپ والا تھا، رات کھانے پر کہا کہ عمران خان کچھ نہیں سب کچھ میں ہوں، احسان مانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی آنکھوں میں دھول جھونکی ہے، ایم ڈی کو آج تک جتنی تنخواہ دی گئی اس کی انکوائری ہونی چاہئے، ریجن اور ڈیپارٹمنٹ ختم کرنے سے بچے اوپر نہیں آسکتے، ریجن اور ڈیپارٹمنٹ میں کھیلنے والے بچوں کے مستقبل کیساتھ نہیں کھیل سکتے۔

واضح رہے کہ گورننگ باڈی کے اجلاس میں اکثریتی ارکان نے ایم ڈی پی سی بی کی تقرری کو کالعدم قرار دے دیا تھا اور گورننگ بورڈ کے 5 ارکان کے احتجاج کرنے پر تلخی بھی ہوئی، بائیکاٹ کرنے والوں میں شاہ ریز روکھڑی، نعمان بٹ، ایاز بٹ، کبیر احمد، شاہ دوست شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں