مکران کوسٹل ہائی وے پر فائرنگ سے سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 14 افراد جاں بحق

فائرنگ میں شہید ہونےوالوں میں پاک بحریہ کے اہلکار بھی شامل ہیں، ترجمان پاک بحریہ


ویب ڈیسک April 18, 2019
لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

بزی ٹاپ کے قریب نامعلوم افراد نے سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 14 افراد کو بسوں سے اتار کر قتل کردیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب نامعلوم افراد نے مسافروں کو بسوں سے اتار کر شناخت کے بعد چند افراد کو علیحدہ کیا اور فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے بعد مسلح افراد فرار ہونے میں کامیا ب ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر لیویز اہلکار اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئے۔ علاقے کا گھیراؤ کرلیا گیا ہے جب کہ لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد میں سے 11 کی شناخت یوسف، وسیم، فرحان اللہ، علی رضا، ذوالفقار، ہارون، علی اصغر، حمزہ، رضوان، وسیم اور ذہین کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ شہید افراد میں بحریہ کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی

وزیر اعظم عمران خان نے کوسٹل ہائی وے فائرنگ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وحشیانہ حملے کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

امن کے دشمن اپنے ہی لوگوں کا خون بہا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کوسٹل ہائی وے پر بس مسافروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے بے گناہ اور نہتے مسافروں کو قتل کرکے بربریت کی انتہا کی۔ دہشت گردی کا واقعہ ملک کو بدنام کرنے اور بلوچستان کی ترقی کو روکنے کی گھناؤنی سازش ہے۔ امن کے دشمن بیرونی آقاؤں کے اشارے پر اپنے ہی لوگوں کا خون بہا رہے ہیں۔ ۔بلوچستان کے عوام بیرونی عناصر کے ایجنڈا پر عمل پیرا دہشت گردوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ۔صوبے کے عوام کی تائید وحمایت سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاۓ گا اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عمل جاری رہے گا۔ ترقی اور امن کا سفر ہر صورت جاری رہے گا۔

ہزار گنجی، حیات آباد اور کوسٹل ہائی وے واقعات میں ایک ہی منظم انداز

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کوسٹل ہائی وے فائرنگ واقعے کی منظم کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کی ہزار گنجی سبزی منڈی میں خودکش حملہ، پشاور حیات آباد میں کالعدم ٹی ٹی پی کا واقعہ اور کوسٹل ہائی وے کے بہیمانہ واقعے میں ایک ہی منظم انداز نظر آرہا ہے۔ ہم نے امن کے لئے بہت قربانی دی ہے، انشااللہْ ہم ان واقعات کے ذمہ داروں کو مثال عبرت بنا دیں گے، ہم نے دہشت گردی کی جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔

حکومت دہشت گردوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی مذمت اور شہیدوں کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آج پھر بلوچستان میں معصوم انسانوں کا خون بہایا گیا، حکومت دہشت گردوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ کیسے ممکن ہے کہ حکومت دہشت گردی کی نرسریوں سے لاعلم ہو، حکومت دہشت گردی کے منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |