کراچی میں غلط انجکشن سے مفلوج بچی نشوہ کی حالت پھر بگڑ گئی

دماغ میں آکسیجن نہ پہنچنے کے باعث بچی کے ہاتھ پاؤں ٹیڑھے ہورہے ہیں، ڈاکٹرز

اسپتال منتقل ہونے کے بعد سے بچی کے 3 سی ٹی اسکین اور7 بلڈ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، ڈاکٹرز (فوٹو: فائل)

دارالصحت اسپتال کی مبینہ غفلت کے باعث ذہنی طور پر مفلوج ہونے والی ننھی نشوہ کی طبیعت خراب ہونے پر آکسیجن لگادی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں قائم نجی اسپتال کے عملے کی جانب سے غلط انجکشن کا شکار ہونے والی 9 ماہ کی نشوہ کی حالت اطمینان بخش نہیں اور طبیعت خراب ہونے پر اسے آکسیجن لگادی گئی ہے۔

یہ پڑھیں: غلط انجکشن لگانے والا ملازم جسمانی ریمانڈ پر

لیاقت نیشنل اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ننھی نشوہ کی صحت کے حوالے سے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اسپتال منتقل ہونے کے بعد بچی کے 3 سی ٹی اسکین اور7 بلڈ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، غلط انجکشن کے باعث بچی کا دماغ 72 بہتر فیصد متاثر ہوا تھا، بچی کو آکسیجن بھی دی جارہی ہے لیکن دماغ میں آکسیجن نہ پہنچنے کے باعث اس کے ہاتھ پاؤں ٹیڑھے ہورہے ہیں۔

اسی سے متعلق: دھمکی دینے والا ایس پی گلشن معطل

نشوہ کے والد قیصرعلی نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ گزشتہ روز سے نشوہ کا اشاروں سے سمجھنے کا عمل بھی رک گیا، ڈاکٹرز کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے رہے، اللہ سے دعا ہے کہ بیٹی کی تکلیف ختم ہوجائے، عوام سے بیٹی کے صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل ہے۔


یہ بھی پڑھیں: اسپتال عملے کی غفلت سے 9 ماہ کی بچی وینٹی لیٹر پر

دریں اثنا تفتیشی افسر سب انسپکٹر سلیم کے مطابق ملزم نے ڈاکٹر کی ہدایت کے برعکس بچی کوانجکشن لگا دیا تھا عدالت نےغلط انجکشن لگانے والے ملزم معیز کو 20 اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

واضح رہے کہ نجی اسپتال دارالصحت کے ملازم نے پوٹاشیم کلورائیڈ کا انجکشن ڈرپ کے ذریعے کئی گھنٹوں میں دینے کے بجائے سرنج کے ذریعے نس میں لگادیا تھا جس سے سیکنڈز میں بچی کی حالت خراب ہوگئی اور ذہنی و جسمانی مفلوج ہونے کے باعث اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔

دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ نے اپنی غفلت تسلیم کرتے ہوئے بچی کا تمام خرچ اٹھانے کا اعلان کیا، بچی کے باپ نے انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کراتے ہوئے بچی کو لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں ڈاکٹرز اس کی زندگی بچانے میں مصروف ہیں۔ سندھ حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے اور بچی کے علاج کا خرچ اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

دریں اثنا کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے ایس پی گلشن ڈویژن طاہر نورانی کو عہدے سے ہٹا کر شاہ نواز کو ایس پی گلشن اقبال ڈویژن تعینات کر دیا۔

واضح رہے کہ سابق ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی کو نشوہ کے والد سے دھمکی آمیز گفتگو پر کام کرنے سے روک دیا گیا تھا اب انہیں باضابطہ طور پر عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
Load Next Story