انتخابی دھاندلیاں تحقیقاتی کمیٹی کے قواعد طے کرنے کیلیے اجلاس آج ہوگا

8 پارلیمانی جماعتوں کا پہلا اجلاس آج پارلیمنٹ ہائوس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوگا ۔


INP August 19, 2013
8 پارلیمانی جماعتوں کا پہلا اجلاس آج پارلیمنٹ ہائوس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوگا ۔ فوٹو: فائل

عام انتخابات میں ہونے والی مبینہ انتخابی دھاندلیوں پر اپوزیشن جماعتوں کے الزامات کی تحقیقات کیلیے قومی اسمبلی کی مجوزہ پارلیمانی کمیٹی کے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کے تعین کے حوالے سے ن لیگ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف سمیت دیگر 8 پارلیمانی جماعتوں کا پہلا اجلاس آج پارلیمنٹ ہائوس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت اسپیکر چیمبر میں منعقد ہوگا ۔

اسپیکر سیکریٹریٹ کو مجوزہ کمیٹی کے لیے تمام پارلیمانی جماعتوں کی جانب سے نامزد ارکان اسمبلی کے نام 2 روز قبل موصول ہوگئے تھے ۔ جن میں ن لیگ کے زاہد حامد، پی پی کے سید نوید قمر ، تحریک انصاف کے شفقت محمود، جے یو آئی کے اکرم درانی، ایم کیو ایم کے ایس اے اقبال قادری، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی، جماعت اسلامی کے طارق اللہ اور فنکشنل لیگ کے کاظم علی شاہ شامل ہیں۔ اجلاس میں انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کے لیے ٹرم آف ریفرنس تیار کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے خط پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تجویز پیش کی تھی جس سے تمام پارلیمانی جماعتوں نے اتفاق کیا تھا ۔ چوہدری نثار کی تجویز پر اسپیکر نے تمام جماعتوں سے کمیٹی کیلیے نامزد ارکان کے نام مانگے تھے تاکہ کمیٹی کی باقاعدہ تشکیل اور چیئر مین کے انتخاب سے قبل کمیٹی کے کام کرنے کا طریقہ کار طے کیا جاسکے۔ امکان ہے کہ ن لیگ کے رکن اسمبلی وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد کو کمیٹی کا سربراہ نامزد کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں