کراچی گلشن اقبال میں ٹرانسفارمرز پھٹنے سے 5 گاڑیاں اور 3 موٹرسائیکلیں جل گئیں

علاقے کے پی ایم ٹی میں شارٹ سرکٹ اور دھماکے معمول بن چکے ہیں اور انتظامیہ کو کئی بار اس کی شکایت کی گئی ہے، متاثرین


ویب ڈیسک August 19, 2013
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکین بھی خوف کے عالم میں باہر نکل آئے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

گلشن اقبال کے علاقے میں بجلی کا ٹرانسفارمر پھٹنے سے 5 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں جل کر راکھ ہوگئیں دوسری جانب علاقہ مکینوں نے واقعے کا ذمہ دار کے ای ایس سی انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کو قرار دیا ہے۔

گلشن اقبال کے بلاک تیرہ ڈی میں علی الصبح اچانک پی ایم ٹی میں زور دار دھماکا ہوا جس سے بجلی کے 2 ٹرانسفارمرز میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے نیچے کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکین بھی خوف کے عالم میں باہر نکل آئے۔

مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم آگ کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا اور تاروں کے ذریعے آگ اطراف کے چند فلیٹس اور گھروں تک پہنچ گئی جس کے بعد کے ای ایس سی کے عملے نے علاقے کی بجلی منقطع کردی۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پایا تاہم جب تک 5 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی تھیں۔ متاثرین کے مطابق علاقے کے پی ایم ٹی میں شارٹ سرکٹ اور دھماکے معمول بن چکے ہیں جب کہ کے ای ایس سی انتظامیہ کو کئی بار شکایت بھی کی گئی تاہم اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے،ٹرانسفارمرز میں آگ کی اطلاع ملتے ہی ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی عدنان احمد بھی موقع پر پہنچ گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔