وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں اہم اجلاس ہوا ہے جس میں وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، ترجمان اور اہم ترین پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ میں رد و بدل کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں اہم اجلاس ہوا ہے جس میں وفاقی وزرا و وزرائے مملکت، وزیر اعظم کے ترجمان، مشیران اور معاونین کے علاوہ اہم ترین پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی ہے۔
اجلاس میں پرویز خٹک، جہانگیر ترین، فردوس عاشق اعوان، شیخ رشید احمد، فیصل واوڈا، عمر ایوب، عبدالرزاق داؤد، حماد اظہر، عثمان ڈار، فیصل جاوید، کنول شوزب اور دیگر شریک تھے۔ فواد چوہدری، غلام سرور خان اور شہریار آفریدی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔
اجلاس میں موجودہ ملکی صورت حال اور پارٹی بیانیے پر تفصیلی غور کیا گیا ہے، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس کے شرکا کو سیاسی اور معاشی صورت حال میں وفاقی کابینہ میں تبدیلی اور پارٹی کےلائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر اچھے آدمی ہیں، اگر وہ دوبارہ آنا چاہیں تو ہم بھی انہیں کابینہ کا حصہ بنانا چاہیں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وزرا میڈیا پر جائیں، وہ حقائق ضرور بتائیں لیکن لوگوں کو ڈرائیں نہیں بلکہ ان کو امید دلائیں۔