ایف بی آر کا وفاقی بجٹ 202019 کیلیے سیکیورٹی اور ایڈمنسٹریٹو پلان منظور

ہر قسم کی چھٹیاں بند، سرکلر جاری، پیشگی اجازت کے بغیر وزیٹرز سے ملاقاتوں پر بھی پابندی، ذرائع


Irshad Ansari April 21, 2019
ملازمین کیلیے دفتری شناختی کارڈز آویزاں کرنا لازمی قرار، ذرائع۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال 2019-20 کے لیے بجٹ سازی کے باعث ایف بی آرمیں 30 جون تک ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینیئر افسر نے ''ایکسپریس''کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ملازمین کی ہر قسم کی چھٹیوں پر پابندی کا سرکلر جاری کر دیا گیا ہے اور افسران سے پیشگی اجازت کے بغیر وزیٹرز سے ملاقاتوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ رواں مالی سال کی چوتھی اور آخری سہ ماہی(اپریل تا جون) میں مخصوص حالات کے علاوہ ملازمین کی کسی قسم کی چھٹی منظور نہ کی جائے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ملازمین بجٹ اہداف کے حصول کے لیے کوششیں تیز کریں اور بیرون ملک کے لیے چھٹی کی درخواستوں پر بھی آئندہ مالی سال کے آغاز پر کارروائی ہو گی۔

مذکورہ افسر نے مزید بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال 2019-20 کے لیے وفاقی بجٹ سازی کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ ہفتے سے ایف بی آر میں عام لوگوں اور ملاقاتیوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آئندہ مالی سال 2019-20کے ریونیوبجٹ کے لیے سیکیورٹی پلان اور ایڈمنسٹریٹو پلان کی بھی منظوری دیدی ہے جس کے تحت ایف بی آر کے ممبر ایڈمن ریونیوبجٹ کے لیے چیف کوآرڈینیٹر جبکہ چیف ایڈمن چیف سیکیورٹی آفیسر کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے، ایف بی آر نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ اور بجٹ تقریر سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے کر 2 صفحات پر مشتمل 13 نکاتی بجٹ ایڈمنسٹریٹو پلان کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تیاری کے لیے ایف بی آر کے ممبر ایڈمن چیف کوآرڈینیٹر بجٹ ہوںگے۔ ایف بی آر کے چیف ایڈمن کو چیف سیکیورٹی آفیسر بجٹ ہوںگے۔ اس کے علاوہ ایف بی آر کی طرف سے تمام افسران و ملازمین کے لیے آئندہ ہفتے سے دفتری شناختی کارڈز آویزاں کرنے کو لازمی قرار دے دیا جائے گا تاکہ غیر متعلقہ لوگوں کے داخلے پر پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس بارے میں باضابطہ طور سرکلر کے ذریعے ہدایات جاری کردی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تیاری کے لیے تمام ٹیکنیکل ونگز میں کوآرڈینیٹرز اور ڈپٹی کوآرڈینیٹر بجٹ تعینات کردیے گئے ہیں جو اپنے متعلقہ ٹیکنیکل ونگ کے حوالے سے وفاقی بجٹ کے لیے مقررکردہ چیف کوآرڈینیٹر بجٹ کے ساتھ تعاون و رابطے کو یقینی بنائیں گے جبکہ سیکنڈ سیکریٹری کونسل کے لیے بجٹ کے حوالے سے ہونے والے تمام اجلاسوں میں شرکت لازمی ہوگی ۔

ایف بی آر کے مذکورہ افسرکے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ریونیو کے حوالے سے بجٹ تقریر کی تیاری کے لیے انگریزی اور اردو کی ڈکشنریاں بھی طلب کرلی ہیں اور کہا ہے کہ بجٹ تقریر کی تیاری کے لیے اردو اور انگریزی کی ڈکشنریاں لائبریری میں موجود ہونی چاہئیں، لوڈ شیڈنگ کے باعث جنریٹر کا انتظام کیا گیا ہے اور چیکنگ کے لیے روازنہ دن میں 3 مرتبہ باقاعدگی کے ساتھ جنریٹرز کو چلایا اور بند کیا جائے تاکہ بجٹ کے موقع پر کسی قسم کی کوئی مشکل درپیش نہ آئے۔

اس کے علاوہ ایف بی آر نے بجٹ تیاری اور بجٹ کی پرنٹنگ و بجٹ دستاویز کی اسٹوریج کے لیے کمرے خالی کروالیے ہیں اور پرنٹرز کی بھی چیکنگ شروع کردی گئی ہے تاکہ بجٹ کے موقع پر ہر چیز مکمل طور پر فٹ اور تیار ہو جس وقت بجٹ پارلیمنٹ میں پیش ہورہا ہوگا اس وقت ایف بی آر سے باہر اسائنمنٹس کے لیے افسران کی تعیناتی اور ریکارڈ تیار کرنے کے لیے چیف کوآرڈینیٹربجٹ کی تحریری اجازت لینا ہوگی۔

ذرائع کے مطابق کوآرڈینیٹرز اور ڈپٹی کوآرڈینیٹرز بجٹ کے دفاتر قریب قریب رکھے جائیں گے تاکہ مشاورت میں آسانی ہو اور وقت کی بچت ہوسکے۔ پاکستان ریونیو آٹو میشن لمیٹڈ(پرال) کا کمپوزنگ سیکشن کمپوزنگ کے لیے مختلف سیکشن کی طرف سے بھجوائے جانے والی صرف وہ دستاویزات وصول کرے گا جو متعلقہ سیکشن کے بجٹ کوآرڈینیٹرز کی دستخط شْدہ ہوں گی۔

اس کے علاوہ کوئی دستاویزات بجٹ میں شامل کرنے کی غرض سے کمپوزنگ کے لیے وصول نہیں کی جائیں گی جبکہ بجٹ دستاویز کی فائنل پرنٹنگ کوآرڈینیٹر کے دستخطوں کے بعد کی جائے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |