فرانسیسی وزیراعظم کے دفتر کی دل چسپ غلطی

ٹوئٹ میں القاعدہ کی بابت ویب سائٹ کا ایڈریس دینا تھا پتا دے دیا جسم کی نمائش کرتے ملبوسات کی سائٹ کا...


August 19, 2013
فوٹو : فائل

غلطی تو غلطی ہوتی ہے، مگر بعض غلطیاں بڑی دل چسپ اور مضحکہ خیز ہوتی ہیں۔ ایسی ہی ایک مضحکہ خیز اور دل چسپ غلطی فرانس کے وزیراعظم کے دفتر سے بھی سرزد ہوئی ہے۔

ہوا یوں کہ فرانسیسی وزیراعظم Jean-Marc Ayrault کے پیرس میں واقع دفتر کے ایک اہل کار کو یہ ذمے داری تفویض کی گئی تھی کہ وہ سوشل ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کے فالوورز کو ایک ٹوئٹ بھیجے۔ یہ ٹوئٹ ''القاعدہ '' کی سرگرمیوں کے سدباب اور اس تنظیم سے نمٹنے کے لیے تیار کیے جانے والے فرانس کی حکومت کے نئے منصوبے کی تفصیلات پر مشتمل تھا۔ اس ٹوئٹ میں خاص طور پر ان لوگوں پر عاید کی جانے والی تجارتی نوعیت کی پابندیوں کے بارے میں بابت بتایا گیا تھا جن پر القاعدہ کی مالی معاونت کا الزام ہے۔



اس اہل کار کو اس منصوبے کی تفصیلات پر مبنی ویب سائٹ کا ایڈریس یوزرز کو ٹوئٹ کرنا تھا، مگر ہوا یوں کہ مذکورہ اہل کار نے، جو نہ جانے کس دُھن میں تھا، القاعدہ کی سرگرمیوں اور اس سے نمٹنے کی تفصیلات پر مبنی ویب سائٹ کے بہ جائے جسم کی زیادہ سے زیادہ نمائش کرتے ملبوسات اور زیرجاموں کی ایک ویب سائٹ کا ایڈریس ٹوئٹ کردیا۔

مزے کی بات یہ ہے کہ اس ٹوئٹ کے گھنٹوں بعد تک بھی اس غلطی کا نوٹس نہیں لیا گیا، تاہم اس حماقت کی نشان دہی کے بعد مذکورہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا گیا۔ فرانسیسی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے اس غلطی پر ٹوئٹر کے صارفین سے معافی مانگی گئی ہے، مگر اس حماقت کا الزام ایک ''بُگ'' پر دھردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |