جاوید شیخ فلم انڈسٹری کے ٹھیکدارتوبنتے ہیں لیکن اس کی بحالی کیلئے کچھ نہیں کرتےغفوربٹ

جاوید شیخ نے صرف 6سین کرنے کے لیے دس لاکھ معاوضہ مانگ لیا ،فلمساز


Showbiz Reporter August 19, 2013
جاوید شیخ نے صرف 6سین کرنے کے لیے دس لاکھ معاوضہ مانگ لیا ،فلمساز۔ فوٹو: فائل

پاکستانی نژاد نارویجن شہری اورمعروف فلمسازغفوربٹ نے کہا ہے کہ اداکارجاوید شیخ پاکستان فلم انڈسٹری کے ٹھیکدارتوبنتے ہیں لیکن اس کی بحالی کے لیے کبھی کچھ نہیں کرتے۔

تمام عمر بطورہیروکام کرتے ہوئے انھوں نے کبھی بھی 10لاکھ روپے معاوضہ نہیں لیا مگرمیری فلم میں صرف 6سین کرنے کے لیے دس لاکھ معاوضہ مانگ رہے ہیں۔ دوسری جانب اداکارہ فضاء علی نے فلم میں کام کرنے کے لیے رضامندی ظاہرکی تھی لیکن اب ان کے شوہر رکاوٹ بن گئے ہیں۔ شدیدبحران کے باوجود بین الاقوامی معیارکی فلم بنارہاہوں، لوگوں کے رسپانس سے مایوس نہیں بلکہ یہ لوگ مجھے مزید بہترکام کرنے کے لیے توانائی فراہم کررہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار غفوربٹ نے گزشتہ روزلاہور میٹروپول سینما میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔



اس موقع پران کی فلم کی ہیروئن کشف علی ، فلم ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری اعجاز کامران، جونی ملک، قیصرثنا اللہ خان اورپنجاب حکومت کے نمائندہ وسیم قادربھی موجود تھے۔ غفوربٹ کا کہنا تھا کہ ایک فلم کا سپیل ناروے کی خوبصورت لوکیشنز پرعکسبند کیا جاچکا ہے جب کہ دوسرا سپیل یکم ستمبر سے پاکستان میں شروع ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ میں کثیرسرمائے کے ساتھ پاکستان فلم انڈسٹری کی مہنگی ترین فلم ''دی سسٹم '' بنا رہا ہوں۔ جو پاکستان فلم انڈسٹری کی سپورٹ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

میں نے شدیدبحران کے باوجود دوبرسوں کے دوران دو فلمیں پروڈیوس کیں اورتیسری فلم کی عکسبندی جاری ہے۔ میں نے حال ہی میں گورنرپنجاب سے بھی ملاقات کی ہے جنہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اس موقع پرفلم کی ہیروئن کشف علی نے کہا ہے کہ میں نے کبھی بھی فلم میں کام کرنے کا سوچا نہ تھا لیکن ''دی سسٹم'' ایک اہم موضوع پربنائی جانیوالی فلم ہے اوراس میں مجھے مرکزی کردار آفرکیا گیا تھا جس کومدنظررکھتے ہوئے میں نے فلم میں کام کیا اوراب تک ہونیوالے کام کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کے نمائندہ وسیم قادر کاکہنا تھا کہ غفوربٹ ایک بہترین انسان اورفلمساز ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں