جولائی 2013 تجارتی خسارہ6 فیصد بڑھ کر1ارب72کروڑ ڈالر پر جا پہنچا

درآمدات4فیصدبڑھ کر 3ارب81 کروڑرہیں،جون کے مقابل ایکسپورٹ4.6اورخسارہ 1.35فیصد کم رہا

جولائی 2013 میں تجارتی خسارہ 1 ارب 71 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا جو جولائی 2012 کے مقابلے میں 6.07 فیصد زیادہ ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان سے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران برآمدات کے مقابل درآمدات تیزی سے بڑھنے کے باعث تجارتی خسارہ میں 6.07 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔

واضح رہے کہ ڈالر کے مقابل روپے کی قدر میں تیزی سے کمی اور سی این جی کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی پالیسی کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں اضافے کی وجہ سے پاکستان کا درآمدی بل بڑھ رہا ہے۔ پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کے مطابق گزشتہ ماہ برآمدات سال بہ سال 2.65 فیصد کے اضافے سے 2ارب 9کروڑ50لاکھ ڈالر رہیں جبکہ درآمدات بھی سالانہ بنیادوں پر 4.16 بڑھ کر 3ارب81کروڑ 40لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، اس طرح جولائی 2013 میں تجارتی خسارہ 1 ارب 71 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا جو جولائی 2012 کے مقابلے میں 6.07 فیصد زیادہ ہے۔




یاد رہے کہ جولائی 2012 میں برآمدات 2ارب 4کروڑ 10 لاکھ ڈالر، درآمدات 3 ارب 66 کروڑ 20لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 1ارب62کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا تھا۔ پی بی ایس کے مطابق جون 2013 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ برآمدات 4.64 فیصد، درآمدات 3.19 فیصد اور تجارتی خسارہ 1.35فیصد کم رہا، جون 2013 میں برآمدات 2ارب 19کروڑ 70لاکھ ڈالر، درآمدات 3ارب 94کروڑ ڈالر اور تجارتی خسارہ 1ارب 74 کروڑ30لاکھ ڈالر رہا تھا۔
Load Next Story