گلشن اقبال پی ایم ٹی میں دھماکا آگ لگنے سے7گاڑیاں جل گئیں

بلاک 13-D/1 کی پی ایم ٹی میں لگی آگ نے 5 گاڑیوں اور 2 موٹر سائیکلوں کو لپیٹ میں لے لیا


Staff Reporter August 20, 2013
گلشن اقبال میں بجلی کے ٹرانسفارمر میں لگنے والی آگ سے جلنے والی گاڑیوں کے مالکان اپنی تباہ ہونے والی گاڑیوں کو دیکھ رہے ہیں. ۔فوٹو: راشد اجمیری/ ایکسپریس

گلشن اقبال میں پی ایم ٹی میں دھماکے سے آگ لگ گئی جس نے قریب کھڑی 5 گاڑیوں اور 2 موٹر سائیکلوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ۔

آتشزدگی کے باعث ساتوں گاڑیاں جل کرخاکستر ہوگئیں، واقعے کے بعد علاقہ مکین مشتعل ہوگئے، تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے بلاک 13-D/1 میں گزشتہ روز پی ایم ٹی میں زوردار دھماکا ہوا جس نے متصل پی ایم ٹی کو بھی لپیٹ میں لے لیا ، پی ایم ٹی میں دھماکے کے باعث آگ لگ گئی جس نے سڑک پر کھڑی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔

ایس ایچ او گلشن اقبال عرفان کوبرا نے ایکسپریس کو بتایا کہ پی ایم ٹی میں کئی روز سے مختلف نوعیت کے دھماکے ہورہے تھے جس سے علاقہ مکینوں نے کے ای ایس سی حکام کو مطلع کیا تھا ، گزشتہ شب بھی اس میں اسپارکنگ ہوئی اور دھماکے ہوئے لیکن پیر کی صبح پی ایم ٹی زودار دھماکے سے پھٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی ۔



آگ نے سڑک پر پارک ہوئی 5 گاڑیوں رجسٹریشن نمبرAMH-071 ، L-0212 ADS-469 ، CR-2737 ، ALX-594 اور 2 موٹر سائیکلوں رجسٹریشن نمبر KDO-2511 ،KFS-9410 کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے ساتوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں ، آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کو بھی طلب کیا گیا ، عرفان کوبرا کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں اشتعال پھیل گیا تاہم پولیس حکام نے انھیں مذاکرات کے بعد پرامن طور پر منتشر کردیا ، ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ کے ای ایس سی حکام کی واضح ہدایات ہیں کہ ان کی تنصیبات کے قریب پارکنگ نہیں کی جائے لیکن اس کے باوجود پی ایم ٹی کے نیچے گاڑیاں پارک کی گئی تھیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں