آصف نے بورڈ کے سامنے فکسنگ کا کچا چٹھا کھول دیا

ابتدائی مرحلے میں ویجیلنس اور اینٹی کرپشن یونٹ کو’سیاہ کارناموں‘ سے آگاہ کیا


Sports Reporter August 20, 2013
تحریری معافی نامہ داخل، آئی سی سی اصلاحی پروگرام کے لیے دستیابی بھی ظاہر۔ فوٹو : اے ایف پی

سزا یافتہ فاسٹ بولر آصف نے پی سی بی حکام کے سامنے فکسنگ کا کچا چٹھا کھول دیا، ابتدائی مرحلے میں ویجیلنس اور اینٹی کرپشن یونٹ کو اپنے 'سیاہ کارناموں' سے آگاہ کیا، تحریری طور پر معافی نامہ بھی داخل کردیا۔

نگران چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات میں آئی سی سی اصلاحی پروگرام کیلیے دستیابی بھی ظاہر کر دی۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ معلومات کا جائزہ لینے کے بعد بحالی پروگرام شروع کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کیس میں 7 سال کی سزا پانے والے فاسٹ بولر محمد آصف نے 14 اگست کو اعتراف جرم کرتے ہوئے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین اور پاکستانی عوام سے معافی مانگی تھی۔

پیر کو انھوں نے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں شعبہ ویجیلنس اینڈ اینٹی کرپشن کے حکام اور نگران چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کرکے اپنا معافی نامہ پیش کیا۔ پیسر نے آئی سی سی بحالی پروگرام کیلیے اپنی دستیابی سے آگاہ کیا جبکہ بورڈ حکام نے ان سے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے محرکات معلوم کیے۔



ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ یہ میرا پہلا قدم تھا،اس طرح کے سیشنز مزید بھی ہوں گے، ابھی آغاز ہے،میں آئی سی سی کی ہدایات کے مطابق بحالی کا سلسلہ شروع کرنے کی کوشش کررہا ہوں، عوام سے پہلے ہی معافی کا طلبگار ہوچکا، اب بورڈ کو تحریری طور بھی آگاہ کردیا، انھوں نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے آئی سی سی سے تمام معلومات کا تبادلہ کروں گا۔ ذرائع کے مطابق محمد آصف کے اصلاحی پروگرام کے آغاز سے قبل فراہم کردہ تفصیلات کا پی سی بی کی ایک میٹنگ میں بغور جائزہ لیا جائے گا۔

بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام سے معافی مانگنے کے بعد پیسر کے ساتھ ابتدائی سیشن ہوا، انھوں نے کچھ معلومات فراہم کیں جن پر بات چیت کی جائے گی۔یاد رہے کہ لارڈز ٹیسٹ 2010 میں دانستہ نو بال کرنے کے اسکینڈل میں سزا پانے والے محمد عامر کی اصلاح کا پروگرام شروع ہوچکا ہے، سلمان بٹ اور محمد آصف اس ضمن میں پیش رفت کے منتظر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں