ضیا اور مشرف سے نہیں ڈرے تو کٹھ پتلی کیا چیز ہے بلاول بھٹوزرداری

ہمارا سلیکٹڈ وزیراعظم نالائق اور نااہل ہے اگر نکالنا ہے تو انہیں نکالا جائے، بلاول کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال


ویب ڈیسک April 22, 2019
عوام مہنگائی کی سونامی میں ڈوب رہے ہیں، بلاول فوٹو : فائل

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب ہم ضیاءالحق اور پرویز مشرف جیسے آمروں سے نہیں ڈرے تو اس کٹھ پتلی سے کیوں ڈریں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے حکومت پر طنز کے تیر چلاتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں، بجلی گیس اور پٹرول کے بعد ادویات کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارا سلیکٹڈ وزیراعظم نالائق اور نااہل ہے اگر نکالنا ہے تو انہیں نکالا جائے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ نااہل وزراء کو نکالنے میں اتنی دیر لگا کر ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا، دہشت گردوں کی حمایت میں بیان دینے والے وزراء کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، سیاسی انجینیئرنگ کرنے والے وزیر کسی طور قابل قبول نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گالم گلوچ اور نیب گردی کے ذریعے ہماری آواز بند نہیں کی جاسکتی، جب آمروں سے نہیں ڈرے تو یہ کٹھ پتلی کیا چیز ہے، عوامی مسائل پر بات کرتے رہیں گے اور آپ کو بتانا ہوگا کہ وزیر خزانہ کو کیوں نکالا، وزیر صحت کو کیوں نکالا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کی جذباتی تقریر کے دوران حکومتی اراکین نے شدید احتجاج کیا جس پر پیپلز پارٹی کے اراکین بھی نعرے بازی کرنے لگے اور اسمبلی مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بلاول بھٹوزرداری کی تقریر کے بعض الفاظ حذف کردیئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں